منگل 11 فروری 2025 - 18:12
فلسطینیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عالمی اجماع ضروری: مصر

حوزہ/ مصر نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ایسا مؤقف اپنائے جو فلسطینی عوام کے اپنے وطن میں پُرامن زندگی گزارنے کے حق کو تسلیم کرے۔ قاہرہ نے خبردار کیا کہ اگر بین الاقوامی قوانین کو نظرانداز کیا گیا تو خطے میں پائیدار امن و صلح کی بنیادیں کمزور ہو جائیں گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مصر کی وزارت خارجہ نے ایک بیان میں کہا کہ مشرق وسطیٰ ایک "حساس اور فیصلہ کن" موڑ پر کھڑا ہے، اور اسرائیلی جارحیت خاص طور پر غزہ پر حالیہ حملوں کے پیش نظر، عالمی برادری کو ایک منصفانہ پالیسی اپنانا ہوگی جو فلسطینی عوام سمیت پورے خطے کے عوام کے حقوق کا احترام کرے۔

بیان میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے بین الاقوامی اور علاقائی قوتوں کو ایک مشترکہ سیاسی لائحہ عمل پر متحد ہونا چاہیے، جو فلسطینی عوام پر ہونے والی تاریخی ناانصافیوں کا خاتمہ کرے اور ان کے ناقابل انکار حقوق کو بحال کرے۔

مصر نے اپنے اس عزم کو دہرایا کہ وہ فلسطینی عوام کے حقوق، ان کی سرزمین پر خودمختاری اور مہاجرین کی وطن واپسی کے حق کی بھرپور حمایت کرتا رہے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک اشتعال انگیز تجویز پیش کی کہ غزہ کو خطے کے دیگر عرب ممالک جیسے مصر یا اردن میں ضم کر دیا جائے، جسے عرب ممالک اور فلسطینی قیادت نے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔

حماس کے سینئر رہنما عزت الرشق نے ٹرمپ کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ "غزہ کوئی پراپرٹی نہیں جو فروخت ہو سکے، بلکہ یہ ہمیشہ فلسطین کا ناقابلِ تقسیم حصہ رہے گا۔"

مصر نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ 1967 کی سرحدوں کے مطابق ایک خودمختار فلسطینی ریاست کے قیام کو یقینی بنائے، جس کا دارالحکومت شہر قدس ہو، تاکہ خطے میں دیرپا امن کا خواب حقیقت بن سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha