حوزہ نیوز ایجنسی کے نمائندہ سے گفتگو کرتے ہوئے حوزوی محقق اور امور خانواده کے مشیر حجت الاسلام والمسلمین حسن عرب سالاری نے 32ویں بین الاقوامی نمائش قرآنی تہران میں عوام کی شرکت اور علماء سے مختلف مسائل کے سلسلہ میں رجوع کے متعلق کہا: مختلف طبقات سے عوام کی نمائش قرآنی میں شرکت، عوام کے لیے حوزات علمیہ کی صلاحیتوں اور توانائیوں کو متعارف کرانے کا ایک بہترین موقع ہے۔
انہوں نے مزید کہا: اس بین الاقوامی نمائش قرآنی میں شرکت کرنے والے افراد کی اہم ترین پریشانیوں میں خاندانی اختلافات اور مسائل کا حل ہے اور ازدواجی مشاوره کے سلسلے میں بھی اہم سوالات پیش کیے جاتے ہیں۔ بعض افراد جو ناکام ازدواجی تجربہ رکھتے ہیں یا ازدواجی مسائل کا سامنا کرتے ہیں، وہ بھی اپنی مشکلات حوزوی مشاورین کے سامنے رکھتے ہیں۔
حوزوی محقق اور امور خانواده کے مشیر نے کہا: موجودہ زمانے میں مختلف وجوہات کی بنا پر نفسیاتی اختلالات نے افراد کی ذاتی اور خاندانی زندگی کو متاثر کر رکھا ہے۔ بعض افراد روزگار، تعلیم یا ازدواجی تعلقات میں مشکلات کا شکار ہیں جو ہم سے رجوع کرتے ہیں اور اپنی مشکلات جیسے وسواس، اضطراب اور افسردگی کے بارے میں گفتگو کرتے ہیں جو بدقسمتی سے معاشرے میں افسوسناک حد تک عام ہو چکے ہیں۔ اسی طرح بعض خاندانوں کو اولاد کی تربیت کے حوالے سے بھی سنجیدہ پریشانیاں لاحق ہیں۔
حجت الاسلام عرب سالاری نے کہا: مجموعی طور پر میری رائے میں مختلف طبقات کی حوزوی شعبے میں شرکت سے ایسا موقع پیدا ہوتا ہے کہ خاندان اور عوام مشاوره اور نفسیات کے شعبے میں ماہر روحانی شخصیات سے بہتر طور پر آشنا ہو سکیں۔
قابل ذکر ہے کہ حجت الاسلام والمسلمین حسن عرب سالاری نے دس سال درس خارج فقہ و اصول میں شرکت کی ہے اور اب مشاوره و رہنمائی کے امور میں ماسٹرز کی ڈگری کے ساتھ دس سالہ مشاورتی تجربے کے حامل ہیں۔ وہ کئی سالوں سے مرکز مشاوره سماح اور مدارس علمیہ کے ساتھ تعاون کر رہے ہیں اور ملک بھر کے مختلف مدارس میں تدریس اور مشاوره کی خدمات انجام دے رکھی ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ وہ اس وقت جامعۃ المصطفی (ص) میں قرآن اور نفسیات کے شعبے میں ڈاکٹریٹ بھی کر رہے ہیں۔
آپ کا تبصرہ