حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،کرگل/ زینبیہ ہال میں نواسۂ رسول اکرم (ص) اور کریمِ اہلِ بیت، امام حسن علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے پرمسرت موقع پر جشنِ کریمِ اہلِ بیت و جشنِ تکلیف کی پُروقار محفل منعقد ہوئی۔ اس بابرکت محفل میں دارالقرآن مرکزی زینبیہ IKMT کرگل سمیت گرد و نواح کے مختلف دارالقرآن کی سینکڑوں طالبات اور خواتین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
تصاویر دیکھیں:
کرگل میں جشنِ کریمِ آلِ طہٰ و جشنِ تکلیف کی پروقار محفل کا انعقاد
محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ الٰہی سے ہوا، جس کا شرف دارالقرآن مرکزی زینبیہ کی نونہال طالبات کو حاصل ہوا۔ اس کے بعد طالبات نے اردو، فارسی اور مادری زبان میں نذرانۂ عقیدت اور منقبت پیش کرکے محفل کو مزید روح پرور بنا دیا۔
مقررین نے امام حسن علیہ السلام کی سیرتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا اور نو بالغ بچیوں کو ان کی زندگی کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہونے پر مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر انہیں تشویقی انعامات سے بھی نوازا گیا۔
محفل کے اختتام پر امامِ زمانہ (عج) کی سلامتی و ظہور، عالمِ اسلام کی سربلندی و کامیابی اور دشمنانِ اسلام کی نابودی کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
یہ امر قابلِ ذکر ہے کہ ہر سال 15 رمضان المبارک کو امام حسن علیہ السلام کی ولادت کے پرمسرت موقع پر نو بالغ بچیوں کے لیے جشنِ تکلیف (جشنِ عبادت) منایا جاتا ہے، تاکہ انہیں اسلامی تعلیمات سے مزید روشناس کرایا جا سکے۔
آپ کا تبصرہ