حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کی شیعہ علماء کونسل وفد کے ہمرا پروفیسر ساجد میر مرحوم کی رہائشگاہ تشریف لائے جہاں انہوں نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے تعزیت کا پیغام پہنچایا اورمرحوم کی وحدتِ امت کے لیے خدمات پر انہیں خراجِ تحسین پیش کیا۔
رپورٹ کے مطابق انہوں نے جمعیت اہل حدیث کے سربراہ پروفیسر ساجد میر مرحوم کے صاحبزادے احمد میر اور دیگر جماعتی ذمہ داران سے ملاقات کی اور قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی جانب سے علامہ ساجد میر مرحوم کی رحلت پر تعزیتی پیغام پہنچایا۔ وفد نے مرحوم کے ایصال ثواب کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت بھی کی۔

علامہ شبیر حسن میثمی نےاپنی گفتگو کے دوران پروفیسر ساجد میر مرحوم کی ملت اسلامیہ کی اتحاد و وحدت کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے کہا: علامہ ساجد میر ہمیشہ وحدتِ امت، بین المسالک ہم آہنگی اور قومی یکجہتی کے علمبردار رہے۔ انہوں نے قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی اور دیگر رہنماءِ امت کےساتھ مل کر ہمیشہ ملک میں اتحاد و وحدت کے لیے عملی جدوجہد کی۔
انہوں نے مزید کہا: مرحوم کی رحلت بلاشبہ ایک بڑا خلا ہے جسے یقینا ان کے صاحبزادے "احمد میر" ان کے نقش قدم پر چلتے ہوئے پر کریں گے۔
قابل ذکر ہے کہ علامہ شبیر میثمی کے ہمراہ شیعہ علماء کونسل پاکستان کے وفد میں مرکزی سیکرٹری اطلاعات زاہد علی آخونزادہ، صوبائی صدر شمالی پنجاب علامہ اشتیاق حسین کاظمی، مولانا بختیار سبزواری، مولانا سید شہزاد نجفی، مولانا فیاض حسین مطہری، مولانا امداد علی گھلو، سابق ضلعی جنرل سیکرٹری سیالکوٹ شبیر ضیغم، برادر صبیح حیدر و دیگر شخصیات شامل تھیں۔









آپ کا تبصرہ