حوزہ نیوز ایجنسی مشہد سے نمائندہ کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے رکن آیت اللہ نجم الدین طبسی نے عشرۂ کرامت کے خصوصی پروگرام "مدرسہ رضوی" میں خطاب کے دوران اہل بیت علیہم السلام کی نظر میں مهدویت کے بلند مقام کی طرف اشارہ کیا۔
انہوں نے کہا: اہل بیت علیہم السلام کی روایات میں مهدویت ایک بنیادی محور کا حامل ہے اور شیعہ علمائے حدیث جیسے مرحوم محدث نوری نے مهدوی روایات کی تعداد دو ہزار سے زائد شمار کی ہے بلکہ بعض نے یہ تعداد دس ہزار تک بیان کی ہے۔
جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے اس رکن نے مزید کہا: "معجم احادیث الامام المهدی"جیسے مجموعے، جس کی تدوین قریب چالیس سال پہلے شروع ہوئی، ان احادیث کا ایک وسیع ذخیرہ فراہم کرتے ہیں جو امیرالمؤمنین علیہ السلام سے شروع ہو کر امام مہدی عجل اللہ تعالیٰ فرجہ تک جاری رہیں۔ امام جعفر صادق علیہ السلام کی جانب سے سب سے زیادہ روایات مروی ہیں اور امام رضا علیہ السلام سے بھی تقریباً چالیس احادیث روایت ہوئی ہیں۔
آیت اللہ طبسی نے کہا: اگرچہ امام رضا علیہ السلام سے منقول مهدوی احادیث کی تعداد دیگر معصومین کی نسبت کم ہے لیکن ان میں موضوعات کی تنوع بہت زیادہ اہمیت رکھتی ہے۔ ان روایات میں "توقیت" (ظہور کے وقت کا تعین)، امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ کے نام کا ذکر، غیبت، ان کی شخصی خصوصیات اور یہاں تک کہ ظہور سے پہلے عباسی حکومت جیسے مسائل پر گفتگو کی گئی ہے۔
انہوں نے آخر میں کہا: امام رضا علیہ السلام کی ان روایات میں ایک خاص نکتہ یہ ہے کہ آپ نے اپنے چوتھے فرزند کی غیبت کا ذکر اس وقت فرمایا جب امام ہادی علیہ السلام اور امام حسن عسکری علیہ السلام ابھی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے۔ یہ امر علم امامت اور مستقبل کی واضح پیش گوئی کی روشن دلیل ہے۔
آپ کا تبصرہ