جمعہ 30 مئی 2025 - 18:57
یورینیم کی افزودگی سے دستبرداری ممکن نہیں: آیت‌اللہ حسینی بوشہری

حوزہ/ آیت اللہ بوشہری نے دوٹوک الفاظ میں کہا: ملت، حکومت اور رہبر معظم انقلاب ہرگز یہ اجازت نہیں دیں گے کہ ایران میں یورینیم کی افزودگی روکی جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قم کے امام جمعہ اور مجلس خبرگان رہبری کے نائب صدر آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے نماز جمعہ کے خطبے میں امام خمینیؒ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ ایک ایسے رہنما تھے جو نہ صرف بلند نظریات رکھتے تھے بلکہ زمینی حقائق کو بھی پیش نظر رکھتے تھے۔ انہوں نے کہا کہ قرارداد 598 کی منظوری امامؒ کی حقیقت پسندی کا عملی مظہر تھی۔

انہوں نے امام خمینیؒ کی علمی و روحانی شخصیت کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ فقہ، اصول اور فلسفہ جیسے علوم میں ممتاز مقام رکھتے تھے اور ساتھ ہی تقویٰ و معنویت میں بھی اعلیٰ مدارج پر فائز تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ امام خمینیؒ نے استبدادی نظام کے خلاف قیام کیا اور ملت کو اسلامی انقلاب کی راہ دکھائی۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے اس بات پر زور دیا کہ اگر ہم رہبر معظم انقلاب کو صحیح طور پر پہچاننا چاہتے ہیں تو ہمیں امام خمینیؒ کے افکار و کردار کو سمجھنا ہوگا، کیونکہ موجودہ قیادت اسی راہ پر گامزن ہے۔

انہوں نے کہا کہ امامؒ سیاست اور معنویت کا حسین امتزاج تھے، جب کہ دنیا کے اکثر سیاست دان معنویت سے کوسوں دور ہوتے ہیں۔ امام خمینیؒ نے واضح کر دیا کہ دین اور سیاست ایک دوسرے سے جدا نہیں۔

ایٹمی مذاکرات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب تک کسی نمایاں پیش رفت کی اطلاع نہیں ملی۔ امریکہ مذاکرات کے اندر کچھ اور کہتا ہے، باہر کچھ اور۔ اب وہ یہ کہہ رہے ہیں کہ ایران کو یورینیم کی افزودگی کا حق حاصل نہیں ہونا چاہیے اور اسے یہ پروگرام بند کر دینا چاہیے۔

اس پر آیت اللہ بوشہری نے دوٹوک الفاظ میں کہا: ملت، حکومت اور رہبر معظم انقلاب ہرگز یہ اجازت نہیں دیں گے کہ ایران میں یورینیم کی افزودگی روکی جائے۔

خطبے کے اختتام پر انہوں نے عشرہ ذی الحجہ کی فضیلت اور خاص طور پر روز عرفہ کی اہمیت بیان کی۔ ساتھ ہی یہ بھی کہا کہ انسان اگر ذکرِ خدا، انس با قرآن اور معنوی خلوت کو اپنی زندگی کا حصہ بنا لے تو غفلت کا خاتمہ ممکن ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha