جمعرات 12 جون 2025 - 16:26
احمد آباد میں ایئر انڈیا کے طیارے کا المناک حادثہ،ایران کلچر ہاؤس کا اظہارِ تعزیت

حوزہ/ احمد آباد سے لندن جانے والی ایئر انڈیا کی پرواز حادثے کا شکار ہو گئی، جس میں 242 افراد سوار تھے۔ المناک حادثے پر ایران کلچر ہاؤس نئی دہلی نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کی اور متاثرین کے لیے دعا کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،ہندوستانی میڈیا اور حکام کے مطابق ایئر انڈیا کی ایک بین الاقوامی پرواز، جو احمد آباد سے لندن کے لیے روانہ ہوئی تھی، پرواز کے صرف دو منٹ بعد ہی افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئی۔ یہ سانحہ مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بج کر اڑتیس منٹ پر پیش آیا، جب طیارہ اچانک گر کر تباہ ہو گیا اور آگ کے شدید شعلوں میں لپٹ گیا، جس کے بعد آسمان پر دھوئیں کے گہرے بادل چھا گئے۔

حادثے کا شکار ہونے والا بوئنگ 787 مسافر طیارہ تھا، جس میں عملے کے 12 افراد سمیت کل 242 افراد سوار تھے۔ ان میں 52 مسافر برطانیہ سے، 6 پرتگال سے جبکہ باقی مسافر ہندوستانی شہری تھے۔ یہ المناک واقعہ احمد آباد کے ایک رہائشی علاقے میں پیش آیا، جس کے نتیجے میں زمینی نقصان کا بھی اندیشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے کی فوری وجہ معلوم نہیں ہو سکی ہے، تاہم بعض ذرائع کے مطابق طیارے کا پچھلا حصہ ایک درخت سے ٹکرا گیا، جس کے باعث توازن بگڑ گیا اور حادثہ پیش آیا۔ امدادی ٹیمیں فوری طور پر جائے حادثہ پر روانہ کر دی گئی ہیں، اور بڑے جانی نقصان کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم نریندر مودی اور دیگر سیاسی و سماجی شخصیات نے حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے فوری طور پر متعلقہ حکام سے رابطہ کرکے امدادی کاروائیاں تیز کرنے اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کی ہدایت دی ہے۔

اس افسوسناک موقع پر ملک ہندوستان میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفارتخانے کے تحت ایران کلچر ہاؤس، نئی دہلی، کے ثقافتی مشیر ڈاکٹر فریدالدین فرید عصر نے اس المناک سانحے پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے تمام جاں بحق افراد کے اہل خانہ اور عزیز و اقارب سے دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہماری دعائیں ان تمام متاثرہ افراد کے ساتھ ہیں، جو اس حادثے کا شکار ہوئے۔ ہم اس غم کی گھڑی میں ہندوستانی عوام اور حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha