۲۴ آذر ۱۴۰۳ |۱۲ جمادی‌الثانی ۱۴۴۶ | Dec 14, 2024
یزد بس حادثہ میں شہید افراد کی میتیں پاکستان پہنچا دی گئیں

حوزہ / ایران بس حادثے میں شہید ہونے والے افراد کی میتیں لے کر پاک ایئر فورس کا سی 130 طیارہ پاکستان پہنچ گیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، ایران میں بس کے حادثے میں شہید ہونے والے پاکستانی زائرین کی میتیں لے کر سی 130 طیارہ پاکستان کے شہر جیکب آباد پہنچ گیا۔ طیارہ شام 7 بجے ایران سے روانہ ہوا تھا اور رات 11 بجے جیکب آباد ایئر بیس پہنچا۔ پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر ایران سے یہ طیارہ میتیں اور زخمیوں کو لے کر وطن پہنچا ہے۔

ایمبولینسز کے ذریعہ میتیں آبائی علاقوں میں روانہ کی جائیں گی، زخمیوں کو ایئر ایمبولینس میں کراچی منتقل کیا جائے گا۔

اربعین حسینی پر کربلا معلی عراق جانے والے پاکستانی زائرین کی بس کو 21 اگست کو ایران کے شہر یزد میں حادثہ پیش آیا تھا، جس میں کل 51 افراد سوار تھے۔ اس حادثے میں 28 زائرین شہید اور 23 زخمی ہو گئے تھے، جن میں سے 14 زائرین کی حالت تشویشناک ہے، زائرین میں سے زیادہ تر کا تعلق پاکستان کے شہر لاڑکانہ سے ہے۔

یاد رہے کہ زائرین کی میتوں کی وطن روانگی سے قبل یزد ہوائی اڈے پر تعزیتی تقریب بھی ہوئی تھی، جس میں نمائندہ رہبر معظم انقلاب اسلامی، یزد کے گورنر سمیت ایرانی اعلیٰ حکام اور پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے شرکت کی۔

قابل ذکر ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ نے ایران حادثے میں شہید اور زخمی ہونے والوں کے خاندانوں کی مالی امداد کا اعلان کیا۔ جس کے مطابق شہداء کے ورثاء کو 50، 50 لاکھ اور زخمیوں کو 10، 10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .