حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے ایران پر امریکہ کے متجاوزانہ حملے کے بعد باضابطہ بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم اسلامی جمہوریہ ایران کی خودمختاری کی خلاف ورزی کی سخت الفاظ میں مذمت اور تقبیح کرتے ہیں۔
اتوار کے روز جاری ہونے والے اس بیان میں کہا گیا: "ہم امریکی اقدام، جس کے تحت ایران کے جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا، پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہیں۔"
وزارت خارجہ نے زور دیا: "ہم تمام فریقوں سے ضبط نفس، تحمل اور کشیدگی کے خاتمے کی اپیل کرتے ہیں۔"
بیان میں عالمی برادری کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گیا: "عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ ایران میں موجودہ بحران کے پرامن حل کے لیے اپنی کوششوں میں اضافہ کرے، تاکہ اس خطے میں ایک نیا باب کھولا جا سکے جو سلامتی اور استحکام کی ضمانت فراہم کرے۔"
سعودی وزارت خارجہ کا یہ مؤقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران پر امریکی حملے سے خطے میں ایک نئے بحران کے خدشات بڑھ گئے ہیں، اور دنیا بھر سے اس کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی آوازیں بلند ہو رہی ہیں۔









آپ کا تبصرہ