حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، بنگلہ دیش میں محرم الحرام اور یوم عاشورہ کا دن انتہائی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا۔ دارالحکومت ڈھاکہ میں مختلف علاقوں سے عزاداری کے جلوس برآمد ہوئے جن میں بڑی تعداد میں عزاداروں نے شرکت کی۔
مرکزی مجلس اور جلوس کا انعقاد حسینیہ صدرگات ڈھاکہ میں کیا گیا، جس میں ممتاز بنگلہ دیشی عالم دین حجۃ الاسلام و المسلمین امجد حسین نے خطاب کیا۔ انہوں نے واقعۂ کربلا کو ایثار، قربانی، اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کی روشن مثال قرار دیا۔

انہوں نے اپنے خطاب میں کہا: امام حسین علیہ السلام نے ظلم کے سامنے جھکنے کے بجائے شہادت کو گلے لگایا، اور ہمیں سکھایا کہ ہم ہمیشہ حق اور انصاف کے ساتھ کھڑے ہوں، چاہے حالات کیسے بھی ہوں۔
مولانا امجد حسین نے مزید کہا کہ آج کے دور میں مسلمانوں پر ہونے والے مظالم خصوصاً تکفیری دہشت گردوں کی طرف سے، ہمیں ہوشیار رہنے اور آپس میں اتحاد و بھائی چارہ قائم رکھنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شیعہ سنی اتحاد، غزہ کے مظلوم مسلمانوں سے اظہار یکجہتی اور امت مسلمہ میں بیداری کی بھی تاکید کی۔

عزاداری کے اس جلوس میں تعزیہ، علم اور ماتمی دستوں کے ہمراہ عزاداروں نے نوحہ خوانی، ماتم اور پرسہ داری کے ذریعہ سید الشہداء امام حسین علیہ السلام اور ان کے جانثاروں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔ جلوس مختلف راستوں سے گزرتا ہوا دوبارہ حسینیہ صدرگات پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔
واضح رہے کہ یہ جلوس نہ صرف ایک مذہبی روایت کا حصہ تھا بلکہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنے اور امام حسین (ع) کے پیغام کو زندہ رکھنے کا عملی مظہر بھی تھا۔









آپ کا تبصرہ