جمعہ 8 اگست 2025 - 18:39
پاکستانی شیعہ علماء کا حکومتی رعایت کی یقین دہانی کے بعد احتجاج ختم کرنے کا اعلان

حوزہ / شیعہ علما کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کی زیر قیادت شیعہ تنظیموں نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد کربلا اربعین کے لیے زمینی راستے سے سفر پر عائد پابندیوں کے معاملے پر اپنا احتجاج ختم کر دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، شیعہ علما کونسل اور مجلس وحدت المسلمین کی زیر قیادت شیعہ تنظیموں نے حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد کربلا اربعین کے لیے زمینی راستے سے سفر پر عائد پابندیوں کے معاملے پر اپنا احتجاج ختم کر دیا ہے اور کراچی کے علاقے انچولی سے پاک-ایران سرحد تک کا مارچ روک دیا۔

رپورٹ کے مطابق یہ پیشرفت کراچی میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کے بعد سامنے آئی جہاں گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور شیعہ علماء نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے 7 نکاتی معاہدے کی تصدیق کی۔

وزیر مملکت نے تصدیق کی کہ حکومت عراقی حکومت کے ساتھ ہم آہنگی کے ذریعے زائرین کے ویزے کی مدت میں 60 دن تک توسیع میں سہولت فراہم کرے گی۔ انہوں نے یہ بھی یقین دہانی کرائی کہ زائرین کے لیے خصوصی رعایتی پروازوں کا انتظام کیا جائے گا۔

حکومت یہ بھی یقینی بنائے گی کہ زمینی سفر کے لیے بسوں، ٹرانسپورٹ کمپنیوں اور ٹور آپریٹرز کو دی گئی رقوم واپس کی جائیں گی۔

طلال چوہدری نے مزید کہا: تافتان-ریمدان بارڈر، جو زائرین کے لیے ایک اہم راستہ ہے، کھلا رہے گا، اگرچہ حکومت نے اس سال زمینی سفر سے گریز کا مشورہ دیا ہے۔

علامہ راجہ ناصر نے نشاندہی کی کہ سفر پر پابندیوں نے زائرین کو شدید مشکلات سے دوچار کیا مگر آج حکومت سے کامیاب مذاکرات اور یقین دہانیوں کے بعد ہم اپنا مارچ ختم کر رہے ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم اور بزرگان ملت کا زائرین کے حوالے سے درج ذیل نکات پر اتفاق ہوا ہے:

*اس سال زائرین کے لیے اربعین کے موقع پر بائی روڈ بارڈر بند رہےگا۔

*بارڈر کی پابندی عارضی ہے انشاءاللہ جلد اوپن کر دیا جائے گا۔

*سلار حضرات کی طرف سے جو رقم ٹرانسپورٹرز کو ایڈوانس ادا کی گئی ہے حکومت وہ رقم ان سے سے واپس دلوائے گی۔

*جو طالب علم اس وقت بارڈر پر موجود ہیں ان کو فوری طور پر ایران میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔

*آنے والے دو سے تین دنوں میں حکومت ایئر لائنز سے بات کر کے سستی ٹکٹس کے ذریعہ زائرین کو زیارات پر بھیجے گی۔

یاد رہے کہ ان نکات کی تکمیل کے لیے ایک کمیٹی بھی تشکیل دی گئی ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha