حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا ہے کہ آج ملک بھر میں اربعین امام حسینؑ کے جلوسِ عزاء برآمد ہو رہے ہیں، اربعین صرف ایک مذہبی رسم نہیں بلکہ ظلم کے خلاف بغاوت اور مظلوم کے ساتھ کھڑے ہونے کا دوٹوک اعلان ہے۔
انہوں نے کہا کہ کربلا کی سرزمین پر امام حسینؑ اور ان کے ساتھیوں کی قربانی وقت اور جگہ کی قید سے آزاد، ہر دور اور ہر قوم کے لیے حریت و عدل کا پیغام ہے۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ امام حسینؑ نے یزیدیت کے مقابل حق کا علم بلند کیا اور یہ درس دیا کہ ظلم کے سامنے خاموش رہنا جرم ہے، آج جب غزہ کے معصوم بچے بھوک اور پیاس سے تڑپ رہے ہیں اور ظالم طاقتیں ان کا خون بہا رہی ہیں، تو مکتبِ حسینیتؑ ہمیں یہ پیغام دیتا ہے کہ ہم اپنی زبان، قدم اور وسائل سے مظلوم کی حمایت اور ظالم کے خلاف آواز بلند کریں۔
انہوں نے حکومت اور تمام اداروں کو متنبہ کیا کہ اربعین کے جلوس میں پیدل شریک ہونے والے عزاداران کو ہراساں نہ کیا جائے، یہ عزاداران کا آئینی، قانونی اور مذہبی حق ہے جس پر کسی قسم کی قدغن ناقابلِ برداشت ہے، عزاداری کو روکنے یا محدود کرنے کی ہر کوشش کروڑوں عاشقانِ حسینؑ کے جذبات کو مجروح کرنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ اربعین کا پیغام واضح ہے کہ ہم کسی بھی دور کے یزید کو تسلیم نہیں کریں گے، چاہے وہ ماضی کا ہو یا آج کا اسرائیل اور امریکہ، ہم ہر مظلوم کے ساتھ کھڑے رہیں گے، چاہے وہ اسیرانِ کربلا ہوں یا غزہ میں بھوک اور پیاس سے دم توڑتے معصوم بچے، ہم نے کل بھی حق کا پرچم بلند رکھا، آج بھی اسی پرچم تلے ڈٹے ہیں اور قیامت تک حسینؑ کے وفادار رہیں گے، ہماری سانسیں مظلوم کی ڈھال اور ہمارا خون ظالم کے خلاف ہتھیار ہے۔









آپ کا تبصرہ