جمعہ 29 اگست 2025 - 20:32
یورپ "اسنیپ بیک میکانزم" کو ہتھیار بنا کر ہمیں ڈرانا چاہتا ہے، ملک جنگی حالت میں ہے حکومت کی حمایت ضروری ہے: آیت اللہ حسینی بوشہری

حوزہ/ خطیب نماز جمعہ قم آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یورپ اگرچہ بظاہر امریکہ کی طرح برجام سے علانیہ خارج نہیں ہوا لیکن اس کے ساتھ کھڑا رہا اور اب "اسنیپ بیک میکانزم" کے ذریعے ایران کو ڈرانے اور دباؤ میں رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، خطیب نماز جمعہ قم آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے اپنے خطاب میں کہا کہ یورپ اگرچہ بظاہر امریکہ کی طرح برجام سے علانیہ خارج نہیں ہوا لیکن اس کے ساتھ کھڑا رہا اور اب "اسنیپ بیک میکانزم" کے ذریعے ایران کو ڈرانے اور دباؤ میں رکھنے کی کوشش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ امام حسن عسکریؑ کے ارشادات ہمیں تقویٰ، ترکِ گناہ اور فرائض کی ادائیگی کی طرف متوجہ کرتے ہیں۔ امام عسکریؑ فرماتے ہیں کہ پرہیزگار ترین انسان وہ ہے جو شبہات میں احتیاط کرے، بہترین عابد فرائض کو انجام دے، زاہد حرام سے دور رہے اور سخت کوشش کرنے والا وہ ہے جو گناہوں کو ترک کرے۔

آیت اللہ حسینی بوشہری نے شہادت امام عسکریؑ اور آغاز امامت امام زمانہؑ کی مناسبت سے کہا کہ اگرچہ ہم دورِ غیبت میں ہیں لیکن امامؑ ہمارے اعمال پر ناظر ہیں، اس لیے ہمیں اپنی ذمہ داریاں پہچاننی چاہئیں۔

انہوں نے ہفتۂ دولت اور شہید رجائی، شہید باہنر اور آیت اللہ رئیسی کی یاد میں کہا کہ یہ ایام حکومتی کارکردگی پیش کرنے کا بہترین موقع ہیں۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی خصوصیات بیان کرتے ہوئے کہا کہ رہبر معظم انقلاب کی پیروی اس کی سب سے بڑی قوت ہے، لہٰذا سب کو اس راستے پر رہنا چاہیے۔

انہوں نے زور دیا کہ ہم اس وقت جنگی حالت میں ہیں، لہٰذا حکومت کو کمزور کرنے کے بجائے اس کی حمایت ضروری ہے۔ تنقید ہونی چاہیے لیکن تعمیری اور حل پیش کرنے والی، تاکہ مشکلات حل ہوں۔

خطیب نماز جمعہ قم نے کہا کہ عوام صبر و استقامت کے ساتھ حکومت کا ساتھ دے رہے ہیں، حتیٰ کہ بجلی کے چند گھنٹوں کے تعطل کو بھی برداشت کرتے ہیں۔ ضروری ہے کہ حکومت مہنگائی، معیشت اور بنیادی سہولتوں کے مسائل پر زیادہ توجہ دے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سایۂ جنگ عوام کے سروں سے ہٹنا چاہیے تاکہ لوگ پُرسکون ماحول میں کام کر سکیں۔ ساتھ ہی فلسطین و غزہ کے حالات کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ صہیونی حکومت آج منفور ترین ہے اور ایران کو ہر ممکن طریقے سے مظلوم فلسطینیوں کی مدد کرنی چاہیے۔

آیت اللہ بوشہری نے آخر میں یاد دلایا کہ اتحاد و یکجہتی نصرتِ الٰہی کی بنیادی شرط ہے اور اختلافات اس نصرت کو زائل کر دیتے ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha