حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جامعہ مدرسین حوزہ علمیہ قم کے سربراہ آیت اللہ سید ہاشم حسینی بوشہری نے اصفہان میں حوزوی مراکز کے ذمہ داروں، سربراہ کونسل کے اراکین اور حوزہ علمیہ اصفہان کے دیگر سرکردہ اراکین سے ملاقات میں اس قدیم حوزے کی قیمتی خدمات پر خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے سوشل میڈیا اور با ہدف تبلیغ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا: حوزہ علیہ اصفہان میں مثبت اور ترقی پسندانہ حرکت دیکھنے کو مل رہی ہے اور آیت اللہ العظمی مظاہری اور آیت اللہ طباطبائی نژاد کی رہنمائیوں سے مزید پیشرفت کی امید پیدا ہوئی ہے۔
جامعہ مدرسین کے سرپرست نے سوشل میڈیا کے خطرات کی طرف متوجہ کرتے ہوئے کہا: آج کا سوشل میڈیا نوجوان نسل، چاہے حوزوی ہو یا غیر حوزوی، کے لیے ایک قتلگاہ کی مانند ہے لہٰذا اس کا مقابلہ کرنا واجب ہے۔
آیت اللہ حسینی بوشہری نے کہا: ہمیں چاہیے کہ تخصصی مراکز تشکیل دے کر حوزوی اداروں میں ہم آہنگی پیدا کریں، دینی شبہات پر نظر رکھیں، ان کی درجہ بندی کریں اور منظم انداز میں جواب دیں تاکہ معاشرے کو آگاہی فراہم کی جا سکے۔
انہوں نے تبلیغ کے موضوع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا: طلاب کو تعلیم کے ابتدائی مراحل ہی سے تبلیغ کے طریقے سکھائے جائیں اور نصاب کو زیادہ جامع بنایا جائے تاکہ ہر طالب علم مستقبل میں اپنا تبلیغی کردار بہتر طور پر ادا کر سکے۔
جامعہ مدرسین کے سرپرست نے مزید کہا: تبلیغِ دین کا میدان بہت وسیع ہے اس لیے حتیٰ فقیہ اور مجتہد بھی اپنے طور پر دین کے مبلّغ ہیں لہذا اس فریضہ کو سنجیدگی اور دقت سے انجام دینا بہت ضروری ہے۔









آپ کا تبصرہ