جمعہ 12 ستمبر 2025 - 21:29
ہفتۂ وحدت: مقررین کا اتحادِ امت پر زور اور فلسطین سے اظہارِ یکجہتی

حوزہ/ حیدرآباد میں ہفتۂ وحدت کی مناسبت سے منعقدہ محفلِ سیرتِ رسول اکرم صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم و امام جعفر صادقؑ میں مقررین نے میلاد النبی (ص) اور ولادتِ امام جعفر صادقؑ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحادِ امت پر زور دیا اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ و اسرائیل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حیدرآباد/ ہفتۂ وحدت کے سلسلے میں سیرتِ رسول اکرم حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم اور امام جعفر صادقؑ کی محافل اور 1500 سالہ جشنِ میلاد النبی (ص) کا انعقاد آج تنظیمِ جعفری حیدرآباد کی جانب سے دفترِ مجلس علماء ہند، حسینی محلہ نورخاں بازار، حیدرآباد میں شاندار انداز میں کیا گیا۔ جسکی قیادت حجۃ الاسلام والمسلمین سید تقی رضا عابدی نے فرمائی۔

محفل کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا۔ اس موقع پر مختلف مکاتبِ فکر کے علماء اور دانشوران نے خطاب کیا، جن میں نائب قونصل جنرل اسلامی جمہوریہ ایران آغا محسن مقدمی، مولانا حافظ مظفر حسین خاں، مولانا مشتاق ملک، مولانا الیاس حسین جعفری القادری، مولانا مرتضیٰ نقوی، مولانا مرزا علمدار علی، مولانا سید ضیاء حسین جعفری، جناب سید جعفر حسین (ایڈیٹر روزنامہ صدائے حسینی)، قاری منیر احمد، پروفیسر انور خاں، جناب کاظم، ڈاکٹر شجا افتقاری اور جناب باقر حسین (4TV) کے اسماء قابل ذکر ہیں۔

مقررین نے میلاد النبی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلم اور ولادتِ امام جعفر صادقؑ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے اتحادِ امت کے پیغام پر زور دیا اور مظلوم فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کیا۔ انہوں نے امریکہ، اسرائیل اور ان کے حامیوں کی سخت الفاظ میں مذمت بھی کی۔

تقریب میں شہرِ حیدرآباد کے معروف نعت خواں حضرات نے نعتیں اور قصائد پیش کیے، جبکہ نظامت کے فرائض جناب میر علی نقوی موسوی نے انجام دیے۔ آخر میں مولانا سید تقی رضا عابدی نے تمام مہمانوں اور حاضرین کا شکریہ ادا کیا۔ یہ جشن بڑی عقیدت و احترام کے ساتھ منایا گیا، جس میں کثیر تعداد میں مؤمنین نے شرکت کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha