بدھ 5 نومبر 2025 - 06:48
آیت اللہ اعرافی: سوڈان کا المیہ امتِ مسلمہ کے دشمنوں کی مذموم سازشوں کا واضح نمونہ ہے، عالمی ادارے دوٹوک مؤقف اختیار کریں

حوزہ/ مدیرِ حوزہ ہائے علمیہ ایران آیت اللہ علیرضا اعرافی نے سوڈان کے مظلوم عوام کے خلاف ہونے والے ہولناک جرائم کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی اداروں، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کے اداروں سے توقع ہے کہ وہ اس انسانی المیے کے خلاف دوٹوک مؤقف اختیار کریں اور خونریزی و عوام کی بے گھری کے خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کریں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، سوڈان کے مظلوم عوام کے خلاف ہونے والے ہولناک جرائم کی مذمت میں آیت اللہ اعرافی، مدیرِ حوزہ ہائے علمیہ ایران کا بیان درج ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

آج ایسے وقت میں جب عالمِ اسلام کو ہمہ جہت ترقی، استحکام اور امن کے لیے باہمی تعاون کی ضرورت ہے، اور جب غاصب اسرائیلی حکومت کے مقابلے میں مظلوم فلسطینی عوام کی حمایت کے لیے اتحاد اور مشترکہ جدوجہد ناگزیر ہے، سوڈان کے مظلوم عوام کے اجتماعی قتلِ عام اور دسیوں ہزار افراد کی جبری بے گھری کی لرزہ خیز خبریں اور تصاویر دنیا بھر کے باشعور اور صاحبِ ضمیر انسانوں کے دلوں کو زخمی کر رہی ہیں۔

یہ المناک سانحہ امتِ مسلمہ کے دشمنوں کی ان مذموم سازشوں کی ایک واضح مثال ہے جن کا مقصد اسلامی ممالک میں انتشار پیدا کرنا، انہیں کمزور کرنا، ان کی تقسیم اور ان کے وسائل و دولت کو لوٹنا ہے۔ ان تلخ اور دردناک واقعات کے پسِ پردہ ہمیشہ عالمی استکبار اور اسرائیلی مجرمانہ حکومت کی براہِ راست یا بالواسطہ مداخلت اور کردار نمایاں نظر آتا ہے۔

اسلامی جمہوریہ ایران کے حوزہ ہائے علمیہ اور علمائے اسلام ان ہولناک جرائم کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم حکومتوں، عوام اور عالمِ اسلام کے اہلِ علم و دانش سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ اس قسم کے مظالم پر خاموش تماشائی نہ بنیں، بلکہ استکباری طاقتوں اور عالمی صہیونیت کی سازشوں اور ناپاک عزائم سے باخبر رہتے ہوئے اسلامی ممالک، بالخصوص سوڈان میں آزادی، انسانی وقار اور عدل و انصاف کے اصولوں کا دفاع کریں۔

اسی طرح عالمی اداروں، اسلامی تعاون تنظیم اور انسانی حقوق کے اداروں سے بھی توقع کی جاتی ہے کہ وہ اس انسانی المیے کے خلاف واضح اور دوٹوک مؤقف اختیار کریں اور خونریزی روکنے اور سوڈان کے مظلوم عوام کی بے گھری ختم کرنے کے لیے مؤثر عملی اقدامات کریں۔

آخر میں، ہم سوگوار خاندانوں اور سوڈان کے مظلوم عوام کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہیں اور بارگاہِ خداوندی میں دعاگو ہیں کہ اللہ تعالیٰ انہیں صبر، استقامت اور نصرت عطا فرمائے اور امتِ مسلمہ کو مستکبرین کی سازشوں اور تسلط پسندانہ عزائم کے شر سے محفوظ رکھے۔

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

آیت اللہ علیرضا اعرافی

مدیرِ حوزہ ہائے علمیہ ایران

۱۳ آبان ۱۴۰۴ ہجری شمسی (مطابق 4 نومبر 2025ء)

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha