منگل 2 دسمبر 2025 - 18:50
علامہ صفدر حسین نجفی "محسنِ ملت" کا خطاب پانے والے نابغۂ روزگار شخصیت تھے

حوزہ / علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا: مرحوم علامہ صفدر نجفی کا منفرد پہلو یہ بھی تھا کہ وہ ملی امور کے حوالے سے ہمیشہ متفکر رہے اور ہر دور میں ملی قیادت کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے ملت کی عظیم خدمت کا فریضہ انجام دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے بزرگ عالم دین، مؤلف و مترجم، معرودف دینی و سماجی شخصیت علامہ سید صفدر حسین نجفی (وفات: 3 دسامبر 1989ء) کی 26 ویں برسی کے موقع پر جاری پیغام میں کہا: معاشی و معاشرتی مسائل، سماجی مشکلات اور نامساعد حالات کے باوجود انتھک محنت، لگن اور جانفشانی سے ملک کے اندر اور بیرون ملک دینی مراکز، مساجد اور دینیات سنٹرز کے قیام، سماجی و فلاحی خدمات، دینی مدارس کے موسس و مربی کی حیثیت سے گرانقدر خدمات انجام دینے کی بدولت "محسنِ ملت" کا خطاب پانے والی نابغۂ روزگار شخصیت علامہ صفدر حسین نجفی کی تھی۔

انہوں نے مزید کہا: علامہ صفدر حسین نجفی نے عوام میں فکر و شعور اجاگر کرنے کے لئے شب و روز کاوشیں کیں یہی وجہ ہے کہ وہ اپنے نام اور کام کی بدولت قوم و ملت کے محسن قرار پائے ۔

علامہ ساجد نقوی نے کہا: ایک مایہ ناز علمی خاندانی پس منظر کی حامل شخصیت مرحوم علامہ صفدر نجفی کا منفرد پہلو یہ بھی تھا کہ وہ ملی امور کے حوالے سے ہمیشہ متفکر رہے اور ہر دور میں ملی قیادت کے شانہ بشانہ کام کرتے ہوئے ملت کی عظیم خدمت کا فریضہ انجام دیا اور ملی پلیٹ فارم کی افادیت و اہمیت سے عوام الناس کو روشناس کرانے کی جدوجہد میں مصروف رہے۔ اسی طرح داخلی وحدت اور خارجی مشکلات کے حل کے لئے بھی کوشاں رہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے کہا: تصنیف و تالیف کے میدان میں علامہ سید صفدر حسین نجفی نے کارہائے نمایاں انجام دئے اور تفسیر نمونہ کے ترجمہ سمیت متعدد علمی و قلمی آثار چھوڑے جو ہر دور میں قابلِ استفادہ ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha