حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ کے فاضل طالبعلم مولانا امیر بخش مجیدانو کا آج قم المقدسہ میں انتقال ہو گیا۔ حوزہ علمیہ کے فاضل طالبعلم مولانا امیر بخش مجیدانو کا تعلق صوبہ سندھ، پاکستان سے تھا۔ مرحوم جامعۃ المصطفی قم المقدس میں زیر تعلیم تھے اور کل بروز جمعہ صبح کے وقت اچانک ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہسپتال میں داخل ہوئے لیکن جانبر نہ ہو سکے اور اس دارِ فانی کو الوداع کہہ گئے۔
مرحوم مولانا امیر بخش مجیدانو 1984ء میں صوبہ سندھ میں متولد ہوئے۔ ان کا خاندان اہل سنت تھا، کچھ عرصہ کے بعد ان کے خاندان والوں نے اور خود مرحوم نے مذہب حقہ کو قبول کیا۔ جس کے بعد انہیں علوم محمد و آل محمد(ص) حاصل کرنے کا شوق پیدا ہوا اور اسی بنیاد پر صوبہ سندھ کی معروف دینی درسگاہ مدرسہ باب الحواج مٹیاری میں داخل ہوئے اور وہاں پر انہوں نے ابتدائی حوزوی تعلیم حاصل کی۔

اس کے بعد مزید اعلی تعلیم کے لئے صوبہ سندھ کی معروف و مشہور اور سب سے بڑی درسگاہ دانشگاہ جعفریہ واگھریجی میں داخل ہوئے۔ جہاں انہوں نے رسائل دوم تک تعلیم حاصل کی۔
دانشگاہ جعفریہ واگھریجی میں انہوں نے حجت الاسلام والمسلمین شیخ محمد محسن مہدوی، جو عضوِ مجمع جہانی اہل بیت بھی ہیں اور آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے وکیل ہیں، ان کی سرپرستی میں اور ان کے زیر سایہ تعلیم حاصل کرتے رہے۔ ان کے علاوہ حجت الاسلام والمسلمین فاضلِ قم مولانا صدرالدین ہادی، حجت الاسلام والمسلمین مولانا مولانا معراج حسین روحانی اور دیگر جید اساتذہ سے کسبِ فیض کرتے رہے۔
اسی دوران ان کو یہ اعزاز حاصل ہوا کہ دانشگاہ جعفریہ کی جانب سے ان کو رسمی طور پر مدرسے میں استاد متعین کیا گیا اور مدرسے میں اصول، احکام، عقائد، ادبیات عرب وغیرہ کی تعلیم دیتے رہے اور مختلف طالب علموں کی تربیت فرمائی۔

2018ء میں آپ حوزہ علمیہ قم تشریف لائےاور جامعۃ المصطفی میں اپنی حوزوی تعلیم میں مشغول ہوئے۔ اس وقت وہ فقہ تربیتی میں کارشناسی ارشد / ایم فل کے تقریبا آخری مراحل میں تھے کہ آج داعی اجل کو لبیک کہہ گئے۔
مرحوم انتہائی فعال مبلغ، محقق اور فاضل طالبعلم ہونے کے ساتھ انتہائی خوش مزاج اور ملنسار شخصیت کے مالک تھے۔ انہوں نے اپنے پسماندگان میں دو بیواؤں سمیت دو بیٹے اور چھ بیٹیاں چھوڑی ہیں۔ دعا ہے خداوند متعال مرحوم پر اپنی رحمتیں نازل فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبرِ جمیل اور اجرِ جزیل عطا فرمائے۔
قابلِ ذکر ہے کہ مرحوم کی نماز جنازہ کل 21 دسمبر 2025ء بروز اتوار دن 12:30 بجے حرم مطہر حضرت معصومہ (س) میں جامعۃ المصطفی العالمیہ کے سرپرست حجت الاسلام والمسلمین ڈاکٹر علی عباسی کی امامت میں ادا کی جائے گی اور اس کے بعد بہشتِ معصومہ (س)، قم المقدسہ میں ان کی تدفین ہو گی۔










آپ کا تبصرہ