حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان کے بزرگ عالم دین حجت الاسلام شیخ عبد العزیز نجفی، ایک عمر دین اسلام کی تبلیغ اور خدمت کرنے کے بعد داعیِ اجل کو لبیک کہہ گئے ہیں۔
عالمِ باعمل، خادمِ دینِ مبین اسلام، مبلغِ اسلام حجت الاسلام والمسلمین مولانا الشیخ عبد العزیز نجفی قدس سرہ آج دین و شریعت کی ترویج و اشاعت کے سلسلے میں مسلسل کاوشوں اور شبانہ روز جدوجہد کے دوران اس فانی دنیا سے رخصت ہو کر دارِ ابدی کی جانب روانہ ہوگئے۔
مرحوم کی جدائی ایک عظیم خلل ہے، کیونکہ وہ بذاتِ خود ایک ہمہ جہت علمی و دینی ادارے کی حیثیت رکھتے تھے۔
آپ نے دانشگاہ جعفریہ واگھریجی میں ابتدائی تعلیم حاصل کرنے کے بعد حوزہ علمیہ قم المقدسہ کا رخ کیا، جہاں آپ بہترین، ذہین، محنتی اور مخلص طلاب میں شمار ہوتے تھے۔ سقوطِ صدام کے بعد آپ نے مزید تحصیلِ علوم کے لیے حوزہ علمیہ نجف اشرف کا سفر کیا۔ وہاں آپ نے علم کے حصول کی راہ میں بے پناہ دشواریاں اور سختیاں برداشت کیں لیکن اپنے مقصد و ہدف سے لمحہ بھر کے لیے بھی پیچھے نہ ہٹے۔
تعلیم کے دوران ہی آپ کے دل میں یہ خیال پیدا ہوا کہ وطن واپس جا کر علوم و معارفِ اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج و اشاعت میں اپنا شرعی فریضہ ادا کرنا چاہیے۔ چنانچہ وطن واپسی کے بعد آپ نے دانشگاہ جعفریہ واگھریجی میں بحیثیت استاد اپنی خدمات کا آغاز کیا۔ اسی کے ساتھ ساتھ یونیورسٹی سے پی ایچ ڈی کی ڈگری کے حصول کے لیے بھی پوری سنجیدگی اور جدیت کے ساتھ آگے بڑھتے رہے۔
افسوس کہ آج یہ دل خراش خبر موصول ہوئی کہ مولانا الشیخ عبد العزیز نجفی اس دنیا کی مسافرت ختم کر کے محمد وآل محمد علیہم السلام کے حضور جاپہنچے۔
اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے، ان کے درجات بلند کرے اور پسماندگان کو صبرِ جمیل عطا فرمائے۔ آمین۔









آپ کا تبصرہ