ہفتہ 6 دسمبر 2025 - 08:38
مؤسسہ الکوثر نجف اشرف کے فارغ التحصیل طلباء کو حرم امام حسین (ع) کی جانب سے اسناد

حوزہ/ولادتِ صدیقۂ طاہرہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی پُرمسرت مناسبت سے مؤسسہ الکوثر نجف اشرف کے شعبۂ واعظین کے چوتھے بیج کے فارغُ التحصیل طلباء کو حرم امام حسین علیہ السّلام کی جانب سے اسنادِ عطا کی گئیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ولادتِ صدیقۂ طاہرہ حضرت فاطمہ زہراء سلام اللہ علیہا کی پُرمسرت مناسبت سے مؤسسہ الکوثر نجف اشرف کے شعبۂ واعظین کے چوتھے بیج کے فارغُ التحصیل طلباء کو حرم امام حسین علیہ السّلام کی جانب سے اسنادِ عطا کی گئیں۔

حرمِ مطہر حضرت اباعبداللہ الحسین علیہ السلام کی دعوت پر مؤسسہ الکوثر کے اساتذہ و طلبہ نے کربلا معلیٰ کی زیارت کا شرف حاصل کیا؛ زیارت کے بعد وفد کلیۃُ المعارف الدینیۃ کے آڈیٹوریم پہنچا جہاں اس سال فارغ التحصیل ہونے والے طلبہ کے اعزاز میں ایک پُروقار تقریب منعقد کی گئی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ قرآنِ کریم سے ہوا، جس کے بعد فارغُ التحصیل طلبہ کی نمائندگی کرتے ہوئے جناب شیخ حسنین کراوری نے خطاب کیا۔

بعد ازاں شُعبۃُ المعاہدِ الدینیۃ کے مسؤل جناب شیخ احمد العاملی نے اپنے پُرمغز اور حکمت سے بھرپور مواعظ سے طلبہ کو نصیحت کی اور فارغُ التحصیلان کی ذمہ داریوں کے ساتھ توفیقِ الٰہی کے اہم نکات بیان کیے۔

مؤسسہ الکوثر کے شعبۂ واعظین کے مدیر جناب شیخ سردار حسین نے ادارۂ حرم امام حسین علیہ السلام، قسمِ شؤونِ دینیہ کے مسؤل جناب شیخ احمد الصافی، شُعبۃُ المعاہدِ الدینیۃ کے مسؤل جناب شیخ احمد العاملی اور ان کے رفقاء کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔

تقریب کے اختتامی مرحلے میں حرم امام حسین علیہ السلام اور قسمِ شؤونِ دینیہ کی جانب سے فارغُ التحصیل طلبہ کو اسناد پیش کی گئیں۔

بعد ازاں وفد نے حرم امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی جناب شیخ عبدالمہدی کربلائی سے مرکزی دفتر میں ملاقات کی۔

انہوں نے اپنے پُراثر خطاب میں مبلغ کے لیے چار بنیادی صفات—اخلاص، تواضع، صبر اور توکل علی اللہ کو کامیابی کی کنجی قرار دیا۔

متولی شرعی کی جانب سے تمام مبلغین کو ایک نہایت مفید کتاب بطورِ تحفہ پیش کی گئی۔

آخر میں مؤسسہ الکوثر کے طلاب و اساتذہ نے حرم امام حسین علیہ السلام کے متولی شرعی اور معہدِ وارث الانبیاء کی شاندار میزبانی پر دلی تشکر کا اظہار کیا۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha