جمعرات 1 جنوری 2026 - 11:16
مغربی ممالک میں آزادی کے نام پر قرآنِ کریم کی توہین ناقابلِ قبول ہے

حوزہ/ ایران کے شہر مریوان کے امام جمعہ، مولوی مصطفیٰ شیرزادی نے کہا ہے کہ مغربی ممالک، بالخصوص امریکہ میں، آزادیِ اظہار رائے کے بہانے قرآنِ کریم کی توہین کی جا رہی ہے، جو نہ صرف غیر انسانی عمل ہے بلکہ حقیقی آزادی کے تصور کے بھی سراسر منافی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے شہر مریوان کے امام جمعہ، مولوی مصطفیٰ شیرزادی نے کہا ہے کہ مغربی ممالک، بالخصوص امریکہ میں، آزادیِ اظہار رائے کے بہانے قرآنِ کریم کی توہین کی جا رہی ہے، جو نہ صرف غیر انسانی عمل ہے بلکہ حقیقی آزادی کے تصور کے بھی سراسر منافی ہے۔

انہوں نے قرآنِ کریم کی ہر قسم کی توہین کی سخت الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ قرآن اللہ تعالیٰ کا کلام ہے، اس کا ہر لفظ تمام مسلمانوں کے لیے مقدس اور قابلِ احترام ہے۔

انہوں نے کہا کہ افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ بعض مغربی معاشروں میں آزادیِ اظہار رائے کی آڑ میں مقدس اسلامی کتاب کی بے حرمتی کی جاتی ہے، حالانکہ یہ عمل کسی بھی صورت آزادی کہلانے کا مستحق نہیں، بلکہ یہ غیر انسانی رویے اور اخلاقی زوال کی عکاسی کرتا ہے۔

امام جمعہ مریوان کا کہنا تھا کہ دیگر ادیان اور مذاہب کے مقدسات کی توہین کو آزادیِ رائے قرار دینا سراسر غلط ہے، بلکہ یہ اس معاشرے میں قانون شکنی اور بے راہ روی کی علامت ہے۔

انہوں نے ماضی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ گزشتہ برسوں میں بھی بعض عناصر نے سیاسی مقاصد کے تحت قرآنِ کریم کی توہین کی کوشش کی، مگر سب نے دیکھا کہ ایسے اقدامات انجام دینے والوں کا انجام عبرتناک ہوا، کیونکہ قرآن کی بے حرمتی ہر حال میں سخت نتائج کی حامل ہوتی ہے۔

مولوی مصطفیٰ شیرزادی نے مزید کہا کہ قرآنِ کریم آج کے پُرآشوب اور بے معنی دور میں انسانیت کے لیے ہدایت اور رہنمائی کا سرچشمہ ہے، جو حق اور باطل کے درمیان واضح فرق بیان کرتا ہے۔ ان کے مطابق قرآنِ کریم موجودہ صدی میں بھی انسانیت کی کامل رہنمائی کرتا ہے، جبکہ اس کی توہین کرنے والے درحقیقت شیطان کے بہکاوے میں آنے والے اور تاریخ کے گمراہ افراد ہیں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha