حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،حجت الاسلام والمسلمین مولانا سید رضا حیدر زیدی نے شاہی آصفی مسجد لکھنؤ میں نمازِ جمعہ کے خطبوں میں نمازیوں کو تقوائے الٰہی کی نصیحت اور نیمہ شعبان کی فضیلت اور حالات حاضرہ پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ آج ہر شریف آدمی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کرے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو تقوائے الٰہی کی نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ تقویٰ کا سب سے بڑا دشمن حرام غذا ہے اور حرام غذاؤں میں سب سے بڑی حرام غذا امام حسین علیہ السلام کا مال غصب کرنا، اہل بیت علیہم السلام کے ملکیت کو غصب کرنا ہے۔
دعائے کمیل کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے نمازیوں کو نصیحت کی کہ شب نیمہ شعبان میں دعائے کمیل ضرور پڑھیں۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے دعائے کمیل کے پہلے فقرہ "اے معبود میں تجھ سے سوال کرتا ہوں تیری رحمت کے ذریعہ جو ہر شی پر محیط ہے." کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ سوال یہ ہے کہ اللہ کی وہ رحمت جو ہر چیز کا احاطہ کئے ہے کون ہے؟ تو زیارت آل یاسین میں حضرت ولی عصر امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کو اللہ کی "رحمت واسعہ" بتایا گیا ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے مزید وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بحار الانوار میں امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی توقیع "انا تلک الرحمۃ" (میں وہ رحمت ہوں۔) یعنی وہ وسیع رحمت جس کا خدا سے سوال کیا جا رہا ہے وہ ہمارے مولا و آقا امام مہدی صاحب الزمان عجل اللہ فرجہ الشریف ہیں۔
کتاب الاحتجاج میں جناب شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ کے نام امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کے خط کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ خط اگرچہ شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ کے نام ہے، لیکن اس کا مخاطب ہر زمانے کا شیخ مفید ہے، شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ نے ذمہ داریوں کو ادا کیا تھا، پیغام اہل بیت علیہم السلام کو دنیا تک پہنچایا تھا، باطل کا ڈٹ کر مقابلہ کیا تھا، سوال یہ ہے کہ دور حاضر میں شیخ مفید کون ہیں؟ تو وہ رہبر معظم آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای دام ظلہ، مرجع جہان تشیع آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی سیستانی دام ظلہ، مراجع کرام ہیں۔
شیخ مفید رحمۃ اللہ علیہ کے نام امام زمانہ عجل اللہ فرجہ الشریف کی توقیع (خط) کا ذکر کرتے ہوئے مولانا سید رضا حیدر زیدی نے کہا کہ جو ولایت سے وابستہ ہوتا ہے عزت پاتا ہے اور جو ولایت سے روگردانی کرتا ہے ذلیل و رسوا ہوتا ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے توقیع کے فقرہ "اللہ اپنے نور کو تمام کرے گا چاہے مشرکوں کو برا لگے۔" کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ دور حاضر میں دشمن پروپگنڈا کر رہا ہے کہ رہبر معظم دام ظلہ چھپ گئے، جب کہ آپ کل ہی مسجد جمکران میں گئے۔ آپ اہم فیصلے مسجد جمکران سے کرتے ہیں، تو جس کے فیصلے مصلے پر ہوں اسے کون شکست دے سکتا ہے۔
مولانا سید رضا حیدر زیدی نے یہ بتاتے ہوئے کہ یورپ نے سپاہ پاسداران کو دہشت گردوں کی فہرست میں شامل کر دیا ہے، کہا کہ جس سپاہ پاسداران نے داعش جیسے دہشت گرد کا قلع قمع کیا ہے، یورپ نے دہشت گردوں کو ختم کرنے والے اسی فوج کو دہشت گرد قرار دیا، اس سے انہوں نے اپنے چہرے پر پڑی ہوئی انسانیت کی نقاب کو خود ہی نوچ دیا اور اپنی حقیقت دنیا پر عیاں کر دی۔
آخر میں مولانا سید رضا حیدر زیدی نے اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ہر شریف آدمی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ ایران کی حمایت کرے۔ کیونکہ گریٹر اسرائیل کی سب سے بڑی رکاوٹ اسلامی جمہوریہ ایران ہے، اگر یہ حق کا محاذ کمزور پڑا تو یہ ظالم صیہونی پوری دنیا کو اپنا غلام بنا لیں گے۔









آپ کا تبصرہ