جمعرات 29 جنوری 2026 - 15:06
ایران کے خلاف سازشیں ناکام ہوں گی، رہبر انقلاب کی قیادت اسلامی نظام کا مضبوط حصار ہے: مولانا سید احمد علی عابدی

حوزہ/ امام جمعہ ممبئی اور ہندوستان میں آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے وکیل نے ایران کے حالیہ حالات پر گہرے دکھ اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ استکباری طاقتوں اور ان کے آلۂ کار منافقین کی تمام سازشیں رہبر معظم انقلاب اور مرجعیت کی مضبوط قیادت کے سامنے ناکام ہو چکی ہیں اور آئندہ بھی ناکام رہیں گی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران میں حالیہ دنوں پیش آنے والے افسوسناک واقعات اور بعض بے گناہ شہریوں کی شہادتوں کے بعد عالمِ اسلام کی ممتاز دینی شخصیات کی جانب سے تشویش اور یکجہتی کے بیانات سامنے آ رہے ہیں۔ اسی سلسلے میں مدیر جامعۃ الامام امیر المؤمنین علیہ السلام (نجفی ہاؤس)، امام جمعہ ممبئی اور ہندوستان میں آیت اللہ العظمی سید علی سیستانی کے وکیل حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے ایک تفصیلی بیان میں ایران کے اسلامی نظام کے خلاف جاری دشمنانہ سازشوں کو بے نقاب کرتے ہوئے مرجعیت اور رہبریت کے کردار کو انقلابِ اسلامی کی بقا اور استحکام کا بنیادی ستون قرار دیا۔

حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا سید احمد علی عابدی نے اپنے بیان میں کہا: ایران کے موجودہ حالات نہایت تکلیف دہ اور افسوسناک ہیں۔ شہادتوں سے متعلق جو خبریں سامنے آئی ہیں، وہ ہر شخص کو رنجیدہ کر دینے والی ہیں۔ انتہائی افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ یہ مظلوم ایرانی شہری منافقین کے ہاتھوں شہید ہوئے۔

انہوں نے کہا کہ جب سے انقلابِ اسلامی وجود میں آیا ہے، استکباری طاقتیں، بالخصوص امریکہ اور اس کے اتحادی، کسی بھی صورت میں اس اسلامی نظام کو کامیاب دیکھنا نہیں چاہتے۔ انہوں نے مختلف حیلوں اور بہانوں سے پابندیاں عائد کیں اور ہر ممکن طریقے سے یہ کوشش کی کہ اس نظام کو کمزور کیا جائے یا اس کا تختہ الٹ دیا جائے، لیکن ہر مرتبہ انہیں ناکامی کا سامنا کرنا پڑا۔

امام جمعہ ممبئی کے مطابق اس کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ ایران کو ابتدا ہی سے امامِ وقت ارواحنا فداہ کی سرپرستی حاصل رہی ہے اور آج بھی یہ سرپرستی پوری قوت کے ساتھ موجود ہے۔ حالیہ واقعات اگرچہ افسوسناک اور تشویش ناک ہیں، مگر یہ حقیقت بھی واضح ہوتی جا رہی ہے کہ منافقین اور دینِ اسلام کے دشمن کس منظم انداز میں اسلامی حکومت کو کمزور کرنے کی سازشیں کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ پردے اٹھیں گے اور یہ حقیقت سب پر آشکار ہو جائے گی کہ ان واقعات کے پیچھے کتنی گہری اور منظم سازشیں کارفرما تھیں، اور یہ کہ ایرانی نام رکھنے والے بہت سے عناصر درحقیقت ایران اور ایرانی قوم سے کوئی حقیقی تعلق نہیں رکھتے تھے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین عابدی نے زور دیتے ہوئے کہا کہ انقلابِ اسلامی کی بنیاد ابتدا ہی سے مرجعیت اور رہبریت پر استوار رہی ہے۔ اہلِ بیت علیہم السلام کے چاہنے والوں کے دلوں میں مرجعیت کی گہری جڑیں ہیں، اور ہر شیعہ دل کی گہرائی سے اس سے وابستہ ہے اور اس کا احترام کرتا ہے، کیونکہ مرجعیت کو اہلِ بیت علیہم السلام کی نیابت اور نمائندگی سمجھا جاتا ہے۔ اسی لیے اس مقدس مقام پر ہونے والا ہر حملہ ناقابلِ قبول ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج بھی ایران جن خطرناک حالات سے محفوظ ہے، اس کی بنیادی وجہ رہبرِ انقلاب کی بصیرت افروز قیادت اور حکیمانہ رہنمائی ہے۔ یہی رہبریت ہے جس نے ایران کو سازشوں کے دلدل سے نکالا اور استکباری طاقتوں کو مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا۔

انہوں نے دشمنوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس مضبوط ستون کو کمزور کرنے کے خواب دیکھ رہے ہیں، مگر ان شاء اللہ وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے:

آہوں سے سوزِ عشق مٹایا نہ جائے گا

پھونکوں سے یہ چراغ بجھایا نہ جائے گا

آخر میں مولانا سید احمد علی عابدی نے دعا کی کہ خداوندِ متعال رہبرِ انقلابِ اسلامی کی حفاظت فرمائے، انہیں طولِ عمر اور عافیت عطا کرے، اسلام اور امتِ مسلمہ کو ان کے وجود سے مستفید رکھے، دشمنانِ اسلام کو نیست و نابود کرے اور اس مقدس اسلامی نظام کو قیامت تک باقی و قائم رکھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha