۴ اردیبهشت ۱۴۰۳ |۱۴ شوال ۱۴۴۵ | Apr 23, 2024
امت واحدہ پاکستان کے وفد کا قرآن و حدیث یونیورسٹی قم کا  مطالعاتی دورہ

حوزہ / امت واحدہ پاکستان کے وفد کو دارالحدیث مرکز موسسہ علمی و فرہنگی کتابخانہ و نمائشگاہ اور دیگر اہم شعبوں کا مطالعاتی دورہ کروایا گیا ۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یونیورسٹی کے شعبہ بین الملل ڈاکٹر بہرامی نے بتایا کہ یہاں قرآن و حدیث سے متعلقہ مجلے کو جمع کیا گیا ہے۔ دوسرے حصہ میں تھیسز کو محفوظ کیا گیا ہے جبکہ دیگر حصہ میں نہج البلاغہ اور علم رجال کے بارے میں دنیا بھر سے کتابیں جمع کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا: یہاں لائبریری میں اہلسنت و اہل تشیع کی قرآن و حدیث کے متعلقہ دنیا میں چھپنے والی ہر کتاب موجود ہے۔

ڈاکٹر بہرامی نے مزید کہا: یہاں مجموعی طور پر 70ہزار کتب موجود ہیں۔ یونیورسٹی کے قیام سے اب تک 6ہزار طلبہ فارغ التحصیل ہوچکے ہیں۔ قم کے علاوہ تہران اور اصفہان میں بھی کیمپس ہیں۔ ہم تعلیمِ قرآنی ،حدیث اور ایجوکیشن و سائنس کے شعبوں میں طلبہ کی رہنمائی کرتے ہیں۔ یونیورسٹی کے قیام کا مقصد حقیقی قرآنی اسلامی معاشرے کا قیام عمل میں لانا ہے۔

انہوں نے مزید کہا: آج دو فروری ہے ایران میں امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی پیرس سے آمد اور انقلابِ اسلامی کے آغاز تک کے ایام کو "یوم اللہ دہ فجر" کے عنوان سے منایا جاتا ہے تاکہ امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی جہدِ مسلسل کو خراجِ تحسین پیش کیا جائے۔

شیخ الجامعہ ڈاکٹر مسعودی نے اپنی خصوصی گفتگو میں کہا: پاکستان ہمارا پارہ بدن ہے۔ علامہ اقبال (رہ) کی فارسی شاعری دیگر شاعروں سے منفرد اور شاندار ہے۔ جہاں ہم سب کا کعبہ، کتاب، دین، نبی ایک ہیں ایسے ہی دینِ اسلام کے حوالے سے ہمارا درد بھی مشترک ہے۔

انہوں نے بعض مغربی ممالک کی جانب سے قرآن کریم کی توہین کے افسوسناک واقعات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا: ان یورپی ممالک میں قرآن سوزی کے افسوسناک واقعات اور اسلامی ممالک میں قرآنی معاشرہ کی عدمِ تشکیل ہم سب کا دردِ مشترک ہے۔

انہوں نے مزید کہا: اپنی زندگیوں میں قرآن کو شامل کریں تاکہ اسلامی معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے۔ حدیثِ رسول (ص)ہے کہ قرآن اور انسان ،زمین اور بارش کی مانند ہے جیسے بارش کا زمین پہ اثر ہوتا ہے ایسے ہی قرآن کا انسان پہ اثر ہوتا ہے۔

قابلِ ذکر ہے کہ نشست کے آخری حصہ میں علمائے کرام نے ڈاکٹر مسعودی سے قرآن و حدیث کی زندگی اور معاشرے میں عملدرآمد بارے سوالات بھی کیے۔

امت واحدہ پاکستان کے وفد میں شامل علمائے کرام نے یونیورسٹی کی علمی و تحقیقی کاوشوں کو سراہتے ہوئے اردو میں کتابوں کو دیکھ کر مسرت کا اظہار کیا اور جامعہ کے بانی آیت اللہ محمد محمدی ری شہری کے درجات کی بلندی کے لیے فاتحہ خوانی بھی کی۔

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .