حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق،امت واحدہ کے زیر اہتمام پاکستان کے علماء، سادات کرام اور مومنین کرام کا چالیس رکنی وفد اسلام آباد سے ایران روانہ ہوگیا جو بعد ازاں عراق میں قیام پزیر ہوگا۔زیارتی، فکری اور سیاحتی دورہ کی تعارفی نشست جامعة الصادق اسلام آباد میں ہوئی۔
نشست سے سربراہ امت واحدہ پاکستان علامہ محمد امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ علمائے کرام و سادات کرام کا سفرِ عشق زائرین عظام کی فکری و نظریاتی تربیت کے لیے اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شیعہ سنی مسالک باہم متحد اور یکجا ہیں اور مودتِ اہلبیتِ رسول (ص) تمام مسالک کے مابین نقطہ اشتراک ہے۔
ان شاء اللہ تعالیٰ علمائے کرام کا یہ زیارتی دورہ اتحادِ امت کے لیے عملی کاوش ثابت ہوگا۔
انہوں نے مزید تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ علامہ محمد عباس وزیری کی زیرِ قیادت قافلہ ایران و عراق کے تمام مقامات مقدسہ کی زیارت کی سعادت حاصل کرے گا۔
مزید براں مجتہدین کرام اور جید علمائے کرام سے خصوصی ملاقات، بعنوان اتحاد امت مسلمہ محفلِ مذاکرہ ،عالمی کانفرنسز و سیمینار، اہم مسلکی و سیاحتی مقامات کا بھی دورہ کیا جائے گا۔
وفد میں شامل علمائے کرام نے امت واحدہ کی کاوشوں کو پاکستان میں امن و سلامتی کے فروغ اور اتحاد بین المسلمین کے لیے عملی کاوش کو خوش آئند قرار دیا ۔