حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجۃ الاسلام والمسلمین اصغر عرفانی نے آج صبح قزوین، گیلان اور زنجان صوبوں کے دارالقرآن کے ذمہ داروں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا: یوم ولادت باسعادت حضرت علی اکبر (ع) نوجوانوں کے لیے بہترین موقع ہے کہ وہ اس عظیم ہستی کو اپنے لیے مکمل اور جامع نمونہ عمل قرار دیں۔
انہوں نے کہا: حضرت علی اکبر (ع) نے ولایت اور امامت کے لیے اپنا سارا وجود قربان کردیا، اس لیے بہتر ہے کہ نوجوان حضرات جناب علی اکبر کی اس عظیم صفت کو اپنے لئے نمونہ عمل قرار دیں ۔
حوزہ علمیہ صوبہ قزوین کے ڈائریکٹر نے مزید کہا: زندگی کا سب سے اہم راستہ قرآن کا راستہ ہے ،اگر ہم اپنی ذہن کی استعداد کا ایک گوشہ قرآن کے حوالے کر دیں تو ہمارا پورا وجود نورانی اور قرآنی ہو جائے گا۔
صوبہ قزوین کے حوزہ علمیہ کونسل کے سکریٹری نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ قرآن ایک مکمل اور جامع کتاب ہے، کہا: قرآن ایک زبردست تربیتی کتاب ہے جو پوری انسانیت کو انسان بنانے اور بچانے میں اہم کردار ادا کرتی ہے، لہذا قرآنی آیات کے سلسلے میں غور و فکر کریں تا کہ اس کے ذریعہ ہمیں ایک امید کی کرن دکھے اور اس کی تاثیر ہمارے وجود کو مبارک بنا دے۔
انہوں نے اپنی تقریری کے آخری حصے میں کہا: جب تک مسلمانوں کے درمیان قرآن اور اہل بیت (ع) کے مقام و مرتبے کا پاس و لحاظ باقی ہے، دشمن کبھی بھی آگے بڑھنے کی ہمت نہیں کر سکتے۔ امید ہے کہ ایک دوسرے کی مدد سے ہم اسلامی معاشرے میں قرآنی اور حدیثی تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ پہنچاتے رہیں گے۔