جمعرات 12 فروری 2026 - 18:32
امریکہ کی دشمنی اسلامی خودمختاری اور مزاحمتی فکر کے خلاف ہے، علامہ جواد نقوی

حوزہ/ انقلابِ اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ کے زیرِ اہتمام پاکستان کے مختلف شہروں میں ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور، اسلام آباد، کراچی، پشاور سمیت متعدد شہروں میں نکالی گئی ریلیوں میں شرکاء نے انقلابِ اسلامی ایران سے اظہارِ یکجہتی کیا جبکہ لاہور کی مرکزی ریلی کی قیادت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، انقلابِ اسلامی ایران کی 47ویں سالگرہ کے موقع پر تحریکِ بیداریِ اُمتِ مصطفیٰ کے زیرِ اہتمام پاکستان کے مختلف شہروں میں ریلیوں اور اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ لاہور، اسلام آباد، پشاور، سیالکوٹ، فیصل آباد، ملتان، کراچی، کوئٹہ اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں مرکزی ریلی مسجدِ شہداء سے پنجاب اسمبلی تک نکالی گئی، جس کی قیادت علامہ سید جواد نقوی نے کی۔ ریلی میں ہزاروں مرد، خواتین اور بچوں نے شرکت کی اور رہبرِ انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای، انقلابِ اسلامی اور اسلامی جمہوریہ ایران کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے امریکہ اور اسرائیل کے خلاف نعرے لگائے۔

اپنے خطاب میں علامہ سید جواد نقوی نے کہا کہ گزشتہ 36 برس سے آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کی قیادت میں انقلابِ اسلامی ایک ایسے استکباری نظام کے خلاف برسرِ پیکار ہے جو دنیا کی اقوام کو غلام بنانے، ان کے وسائل پر قبضہ کرنے اور ان کی آزادی سلب کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ کی دشمنی کسی ایک ملک، میزائل پروگرام یا جوہری معاملے تک محدود نہیں بلکہ اس کی اصل مخالفت اسلامِ ناب محمدی صلی اللّٰہ علیہ وآلہ وسلّم، اسلامی خودمختاری اور مزاحمتی فکر سے ہے۔ ان کے مطابق امریکہ مذاکرات، جمہوریت اور انسانی حقوق کے نعروں کو محض دباؤ بڑھانے اور سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرتا ہے، جبکہ عملی طور پر وہ پابندیوں، فوجی مداخلت اور داخلی انتشار کے ذریعے آزاد اقوام کو کمزور کرنے کی کوشش کرتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ صہیونی ریاست کا بنیادی سرپرست ہے اور فلسطین خصوصاً غزہ میں ہونے والے مظالم میں بالواسطہ یا بلاواسطہ شریک سمجھا جاتا ہے۔ ان کے بقول امتِ مسلمہ کو کمزور کرنے کے لیے فرقہ واریت، تکفیریت اور پراکسی جنگوں کو بھی ہوا دی جاتی ہے۔ علامہ جواد نقوی نے کہا کہ استکبار کے سامنے جھکنا ذلت اور تباہی کا راستہ ہے، جبکہ مزاحمت کو انہوں نے عزت، بقا اور پیشرفت کا باوقار اور دیرپا ذریعہ قرار دیا۔

انہوں نے زور دیا کہ پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک فرقہ واریت، تکفیریت اور بیرونی اثرات سے ہوشیار رہیں، اپنی پالیسیاں اسلامی خودمختاری، عوامی مفاد اور اتحادِ امت کی بنیاد پر استوار کریں۔ ان کے مطابق تاریخ کا سبق یہی ہے کہ عزت اور ترقی کا راستہ استکباری طاقتوں کی پیروی میں نہیں بلکہ خودانحصاری، اتحاد اور باوقار مزاحمت میں مضمر ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha