جمعرات 19 فروری 2026 - 11:25
قطر میں ماہِ رمضان کے موقع پر 24 گھنٹے قرآنِ کریم کی تلاوت پر مشتمل خصوصی ٹی وی چینل کا آغاز

حوزہ/ ریاستِ قطر میں ماہِ رمضان المبارک کے پہلے روز قرآنِ کریم کے لیے ایک خصوصی ٹی وی چینل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جس کا مقصد عالمی سطح پر قرآنی ثقافت کا فروغ ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ریاستِ قطر میں ماہِ رمضان المبارک کے پہلے روز قرآنِ کریم کے لیے ایک خصوصی ٹی وی چینل کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا، جس کا مقصد عالمی سطح پر قرآنی ثقافت کا فروغ ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایک قطری میڈیا کمپنی نے اعلان کیا ہے کہ “QMC" کے نام سے قائم کیا گیا یہ نیا چینل چوبیس گھنٹے صرف قرآنِ مجید کی تلاوت نشر کرے گا۔ اس اقدام کو ماہِ رمضان کی روحانیت سے ہم آہنگ ایک اہم دینی اور ثقافتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

قطری میڈیا کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر شیخ خالد بن عبدالعزیز بن جاسم آل ثانی نے اس اقدام کو ایک اسٹریٹجک قدم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ باقاعدہ اور منظم پروگرام کے تحت موضوعاتی اور بامقصد چینلز کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی پالیسی کا حصہ ہے۔ ان کے مطابق قرآن چینل کا قیام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ادارہ اعلیٰ معیار کے قرآنی مواد کی فراہمی اور جدید میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے قرآن کی ثقافت کے فروغ کے لیے سنجیدہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس منصوبے کو عملی شکل دینے کے لیے تیاری کرنے والی ٹیموں نے بھرپور محنت کی ہے۔ نشریات کے لیے منتخب کی جانے والی تلاوتوں کو باقاعدہ فنی جانچ اور معیار کی کڑی نگرانی کے مراحل سے گزارا گیا تاکہ قراءت کی صحت، تجوید اور صوتی معیار ہر لحاظ سے بہترین ہو۔

ماہرین کے مطابق ایسے دینی چینلز کا قیام عالمِ اسلام میں قرآنی شعور کو تقویت دینے، نوجوان نسل کو قرآن سے جوڑنے اور رمضان المبارک کے بابرکت ماحول کو میڈیا کے ذریعے گھروں تک پہنچانے میں مؤثر کردار ادا کر سکتا ہے۔ قطر کی جانب سے یہ اقدام خطے میں مذہبی و ثقافتی نشریات کے فروغ کی ایک نئی کڑی سمجھا جا رہا ہے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha