۳ آذر ۱۴۰۳ |۲۱ جمادی‌الاول ۱۴۴۶ | Nov 23, 2024
آیت الله العظمی مکارم شیرازی

حوزہ / حضرت آیت اللہ مکارم شیرازی نے "دین، ثقافت اور جدید میڈیا" کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کو جاری اپنے پیغام میں کہا: حکام اور متعلقہ افراد کو پرانے اور کم مقبول میڈیا کے طور طریقوں پر غور کرتے ہوئے سوشل میڈیا سمیت سائبر اسپیس میں ایک مضبوط موجودگی اختیار کرنی چاہیے اور دلچسپ، پرکشش اور غیر متنازعہ دینی مواد کی تخلیق پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کے مطابق، حضرت آیت اللہ مکارم شیرازی نے "دین، ثقافت اور جدید میڈیا" کے عنوان سے منعقدہ کانفرنس کے نام اپنا پیغام جاری کیا ہے۔ ان کے پیغام کا متن حسبِ ذیل ہے:

بسم اللہ الرحمن الرحیم

«الَّذِینَ یُبَلِّغُونَ رِسَالَاتِ اللَّهِ وَیَخْشَوْنَهُ وَلَا یَخْشَوْنَ أَحَدًا إِلَّا اللَّهَ وَکَفَی بِاللَّهِ حَسِیبًا»

سب سے پہلے، میں ان تمام افراد کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے "دین، ثقافت اور جدید میڈیا" کانفرنس کا اہتمام کیا اور اسی طرح ان افراد کا بھی جو اس میں شرکت کر رہے ہیں۔

میں امید کرتا ہوں کہ ان کی کوششوں سے دینی تعلیمات اور اسلامی اصولوں کو فروغ دینے میں مدد ملے گی اور ہم ایسی جدید میڈیا سرگرمیوں کا مشاہدہ کریں گے جن میں مستند دینی مواد شامل ہو۔

قرآن کریم تبلیغ کو ایک خاص اہمیت دیتا ہے۔ مثال کے طور پر، آیۂ تبلیغ میں پیغمبروں کے فرائض میں سے ایک دین کی تبلیغ کرنا بتایا گیا ہے جو صرف اللہ سے ڈرتے ہیں اور کسی اور سے نہیں اور اللہ تعالیٰ بھی ان کو ان کا اجر عطا کرے گا۔ اس آیت میں اللہ کے پیغامات کو کسی خاص طریقے یا وسیلے تک محدود نہیں کیا گیا، بلکہ ہر وہ چیز شامل ہے جو ابلاغ کا ذریعہ بنے، جیسے بیان، عمل، قلم، اور ورچوئل اسپیس۔

انسان اپنی فطرت کے مطابق ہمیشہ سچائی کی تلاش میں رہتا ہے اور سچائی کو پہچاننے کے بعد اس کو تسلیم کرتا ہے لیکن آج کے ورچوئل اسپیس کے دھوکہ دینے والے ماحول میں صحیح اور غلط کی پہچان بہت مشکل ہو گئی ہے۔ اس لیے ان تمام لوگوں سے توقع ہے جو میڈیا کے وسائل سے واقف ہیں اور دینداری، فضیلت اور اخلاقیات کا خیال رکھتے ہیں، کہ وہ اس موقع کا بہترین فائدہ اٹھائیں۔

حکام اور متعلقہ افراد کو پرانے اور کم مقبول میڈیا کے طور طریقوں پر غور کرتے ہوئے سوشل میڈیا سمیت سائبر اسپیس میں ایک مضبوط موجودگی اختیار کرنی چاہیے اور دلچسپ، پرکشش اور غیر متنازعہ دینی مواد کی تخلیق پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے۔ ایسی کانفرنسز سے میڈیا کے پیشہ ور افراد کو تخلیقی خیالات اور مفید طریقے فراہم کیے جا سکتے ہیں۔

آخر میں ایک بار پھر میں اس کانفرنس کے تمام ذمہ داران اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے دعاگو ہوں کہ ہمیں دین کی تبلیغ اور فروغ کی توفیق عطا فرمائے۔

قم، ناصر مکارم شیرازی

لیبلز

تبصرہ ارسال

You are replying to: .