جمعہ 20 فروری 2026 - 21:33
رمضان المبارک؛ ضیافتِ الٰہی، نفس کی پاکیزگی اور قرآن و عترتؑ سے وابستگی کا مہینہ

حوزہ/ ہندوستان میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الہی نے ماہ رمضان المبارک کی آمد پر اپنے خصوصی پیغام میں عالم اسلام اور روزہ داروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بابرکت مہینے کو خود سازی، تقویٰ اور قرآن و اہل‌بیت علیہم السلام سے تجدیدِ عہد کا بہترین موقع قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہندوستان میں رہبر معظم انقلاب اسلامی کے نمائندے حجۃ الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الہی نے ماہ رمضان المبارک کی آمد پر اپنے خصوصی پیغام میں عالم اسلام اور روزہ داروں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے اس بابرکت مہینے کو خود سازی، تقویٰ اور قرآن و اہل‌بیت علیہم السلام سے تجدیدِ عہد کا بہترین موقع قرار دیا ہے۔

انہوں نے اپنے پیغام کا آغاز درود و سلام کے ساتھ کیا اور ماہ رمضان کو “شہر اللہ”، روزے، عبادت اور تلاوتِ قرآن کا مہینہ قرار دیتے ہوئے حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف اور تمام مومنین کو ہدیۂ تبریک پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ رمضان المبارک درحقیقت ضیافتِ الٰہی کا موسم اور نفس کی پاکیزگی، دلوں کی طہارت اور قرآن و عترت علیہم السلام سے وابستگی کو مضبوط کرنے کا سنہری موقع ہے۔

حجۃ الاسلام والمسلمین حکیم الہی نے کہا کہ رمضان تقویٰ کی درسگاہ اور نفس کے خلاف جدوجہد کا میدان ہے۔ قرآن مجید سے انس اور تدبر انسان کی روح کو نئی زندگی عطا کرتا ہے۔ انہوں نے علماء، خطباء اور اہلِ منبر پر زور دیا کہ وہ اس الٰہی فرصت کو غنیمت جانتے ہوئے قرآن کریم کی تعلیمات اور اہل‌بیت عصمت و طہارت علیہم السلام کی سیرت کو عام کریں، اعتقادی بنیادوں کو مضبوط بنائیں، اسلامی وحدت کو فروغ دیں اور نوجوان نسل کے فکری سوالات کا حکمت کے ساتھ جواب دیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ مومنین اس مہینے میں نماز کی پابندی، تلاوت و تدبر قرآن، شب ہائے قدر کی عبادات، ضرورت مندوں کی مدد اور صلہ رحمی کے ذریعے معاشرے میں معنویت اور ہمدردی کی فضا قائم کر سکتے ہیں اور امتِ واحدہ اسلامی کا عملی نمونہ پیش کر سکتے ہیں۔

پیغام کے اختتام پر انہوں نے تمام محافل و مجالس اور پروگراموں میں اللہ تعالیٰ کے حضور دعا کی تاکید کرتے ہوئے حضرت بقیۃ اللہ الاعظم ارواحنا فداہ کے ظہور میں تعجیل کی دعا کرنے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی انہوں نے رہبر معظم کی صحت، طول عمر اور مزید توفیقات کے لیے بھی دعا کی درخواست کی۔

انہوں نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اس ماہ مبارک کے حقیقی روزہ داروں اور عبادت گزاروں میں شامل فرمائے، لیالی قدر کی برکات سے مستفید ہونے کی توفیق عطا کرے اور امت مسلمہ کو ہر قسم کے تفرقہ اور نقصان سے محفوظ رکھے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha