حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ مرجع تقلید آیت اللہ جعفر سبحانی نے آیت اللہ العظمیٰ خامنہ ای کی شہادت پر تعزیتی پیغام جاری کیا ہے۔ جس کا متن حسبِ ذیل ہے:
بسم اللہ الرحمن الرحیم
إِنّا لِلّهِ وَإِنّا إِلَیهِ راجِعُونَ
«إِنَّمَا الحَیاةُ عَقیدَةٌ وَ جِهاد»
جمہوریہ اسلامی ایران کے رہبر حضرت آیت اللہ خامنہ ای قدس سرہ کی مظلومانہ شہادت، سپاہ اور فوج کے متعدد کمانڈروں کی شہادت اور بے گناہ شہریوں خصوصاً خواتین اور معصوم بچوں کے قتل کی خبر نے امتِ مسلمہ بالخصوص ملتِ شریف ایران میں گہرے رنج و غم کی لہر دوڑا دی ہے۔
میں اس دردناک اور المناک سانحے پر حضرت ولی عصر عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کی بارگاہ میں، تمام امتِ مسلمہ، معزز علماء و مراجع کرام اور خصوصاً شہداء کے محترم اہل خانہ کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور خداوند متعال سے شہداء کیلئے بلندیٔ درجات، وسیع رحمت اور رضوانِ الٰہی کی دعا کرتا ہوں۔
حضرت آیت اللہ خامنہ ای اس کلام کے حقیقی مصداق تھے کہ «إنما الحیاة عقیدة و جهاد» «زندگی دراصل عقیدہ اور جہاد کا نام ہے»۔ انہوں نے جوانی سے لے کر اپنی زندگی کے آخری لمحات تک قلم، زبان اور اپنی جان کے ساتھ اسلامی تعلیمات کی ترویج اور ملک کی حکیمانہ رہبری و رہنمائی کیلئے کوششیں جاری رکھیں، یہاں تک کہ ماہِ مبارک رمضان میں عظیم سعادت یعنی شہادت سے سرفراز ہوئے اور اپنے جدّ بزرگوار امیرالمؤمنین امام علیؑ کے مہمان بنے۔
ہم خداوند متعال سے دعا کرتے ہیں کہ ان مظلوموں کے پاک خون کو رائیگاں نہ جانے دے اور ان کے خبیث و ظالم دشمنوں سے بدلہ لے۔ نیز ملتِ بزرگ ایران سے درخواست ہے کہ وہ اتحاد اور یکجہتی کو برقرار رکھے۔ یقیناً خداوند متعال اس ملک اور نظام اسلامی کا محافظ ہے۔
وَالسَّلامُ عَلَیکم وَرَحمَةُ اللهِ وَبَرَکاتُهُ
قم - جعفر سبحانی









آپ کا تبصرہ