حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام والمسلمین محمدحسن صافی گلپایگانی نے اپنے ایک پیغام میں امام خامنہ ای کی شہادت پر تعزیتی پیغام ارسال کیا ہے۔ جس کا متن حسبِ ذیل ہے:
بسمہ تعالیٰ
جمہوریہ اسلامی کے بہادر، با بصیرت اور باخبر رہنما حضرت آیت اللہ خامنہای رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی مظلومانہ شہادت نے ملتِ شریف ایران اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو سوگوار کر دیا ہے۔ وہ ایک ایسے قائد تھے جنہوں نے طویل عرصے تک عزت و وقار کے ساتھ، حالات کے نشیب و فراز میں اپنی حکمت اور دانائی سے جمہوریہ اسلامی کی رہنمائی کی۔ مسلمانانِ عالم اور دنیا کے آزاد انسان ان کی موجودگی پر فخر کرتے تھے۔
اگرچہ وہ ایک سیاسی رہنما بھی تھے لیکن ان کی پوری کوشش اس بات پر مرکوز رہی کہ معاشرے میں اصیل اسلامی روایات اور دینی اقدار کو برقرار رکھا جائے۔ وہ ہمیشہ عوام اور ذمہ داران کو احکامِ شریعت کی پابندی اور شعائرِ دینی کے احترام کی ترغیب دیتے رہے۔
نوجوانوں میں حفظِ قرآنِ کریم کی سنتِ حسنہ کو زندہ کرنا، ملک بھر میں دارالقرآن الکریم کے قیام پر خصوصی توجہ دینا، ایامِ فاطمیہ میں حضرت صدیقۂ طاہرہ سلام اللہ علیہا کی عزاداری کا اہتمام، ایامِ عاشورائے حسینی میں سیدالشہداء (ع) کی یاد میں مجالسِ عزا کا انعقاد اور مسجدِ مقدس جمکران میں حضرت بقیۃ اللہ الاعظم ارواح العالمین لتراب مقدمه الفداء کی بارگاہ میں ادب و انکساری کا اظہار، یہ سب اس عظیم رہنما کے اخلاص اور شعائرِ اسلامی کے قیام اور مکتبِ نورانی اہلِ بیت علیہم السلام کی ترویج سے ان کی گہری وابستگی کی روشن دلیلیں ہیں۔
میں اس عظیم شخصیتِ عالمِ اسلام کی شہادت، جو ملتِ شریف ایران اور انسانیت کے دشمنوں کے ہاتھوں انجام پائی، کے موقع پر ایران کے غیور اور بہادر عوام اور دنیا بھر کے مسلمانوں کی خدمت میں تعزیت پیش کرتا ہوں اور اللہ تعالیٰ سے ان کے لیے رضوان و رحمت کی دعا کرتا ہوں نیز ان تمام شہید کمانڈروں اور ان مظلوم انسانوں کے لیے بھی جو ان واقعات میں شہادت کے مرتبے پر فائز ہوئے۔
میں بارگاہِ الٰہی میں دعاگو ہوں کہ حضرت ولیِ عصر امام زمان عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کی عنایات کے سائے میں ایران اسلامی کو عزت، سربلندی اور سرفرازی عطا فرمائے۔
11 رمضان المبارک 1447ھ
محمد حسن صافی









آپ کا تبصرہ