منگل 10 مارچ 2026 - 18:37
امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل کا پیغام: آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ‌ای کے تیسرے رہبر منتخب ہونے پر ولی امر مسلمین کی قیادت کی بھرپور حمایت

حوزہ/ امام خمینی میموریل ٹرسٹ کرگل نے حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ‌ای کے اسلامی جمہوریہ ایران کے تیسرے رہبر منتخب ہونے پر امتِ مسلمہ، ایران کے مؤمنین اور دنیا بھر کے آزاد و عدالت پسند انسانوں کے لیے مبارکباد کا اعلان کیا۔ ٹرسٹ نے انقلاب اسلامی کے اعلیٰ مقاصد کے ساتھ تعلق اور ولی امر مسلمین کی قیادت کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، امام خمینی(رہ) میموریل ٹرسٹ کرگل کی جانب سے آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ‌ای مدظلہ العالی کے ایران کی اسلامی جمہوریہ کے تیسرے رہبر کے طور پر انتخاب ایک بیان جاری کیا ہے جسکا مکمل متن اس طرح ہے؛

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم

«مَا نَنسَخْ مِنْ آيَةٍ أَوْ نُنسِهَا نَأْتِ بِخَيْرٍ مِّنْهَا أَوْ مِثْلِهَا ۗ أَلَمْ تَعْلَمْ أَنَّ اللَّهَ عَلَىٰ كُلِّ شَيْءٍ قَدِيرٌ»

خداوند قادرِ مطلق کے حضور حمد و شکر اور خاتم الانبیاء حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ اور ان کی پاک و مطہر اہلِ بیتؑ پر درود و صلوات کے ساتھ، مجلسِ خبرگانِ رہبری کی جانب سے حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ‌ای مدظلہ العالی کو اسلامی جمہوریہ ایران کے تیسرے رہبر اور ولی امر مسلمینِ جہاں کے طور پر منتخب کیے جانے پر ہم حضرت ولیِ عصرؑ ارواحنا فدا، ایران کی مؤمنین، با بصیرت اور شہید پرور قوم اور دنیا بھر کے تمام آزادگان اور عدالت پسند انسانوں کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور تہنیت پیش کرتے ہیں۔

بلاشبہ یہ تاریخی انتخاب عالمِ اسلام کی معاصر تاریخ کے نہایت حساس اور فیصلہ کن مرحلے میں انجام پایا ہے؛ ایسے وقت میں جب عالمی استکبار، امریکہ اور صہیونی رژیم کی قیادت میں، ملتوں کی بیداری اور مزاحمت کے بیانیے کے پھیلاؤ کے مقابلے میں پوری طاقت کے ساتھ صف آرا ہے۔ ایسے حالات میں اسلامی جمہوریہ ایران کے مقدس نظام میں حکیمانہ اور الہام بخش قیادت کا تسلسل نہ صرف دنیا کی مظلوم اور مستضعف اقوام کے لیے امید اور حوصلے کا سبب ہے بلکہ ان مستکبر اور غاصب قوتوں کے لیے مایوسی کا باعث بھی ہوگا جو برسوں سے اس الٰہی نظام کو کمزور کرنے کے خواب دیکھتے رہے ہیں۔

حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ‌ای مدظلہ العالی ایک ایسی شخصیت کے طور پر جانے جاتے ہیں جو قرآن اور اہل بیتؑ کے مکتب سے وابستہ ہیں اور انقلاب کے مرحوم رہبر کی علمی، روحانی اور انقلابی تربیت میں پرورش پائی ہے۔ وہ علم، تقویٰ، سیاسی بصیرت اور عالمِ اسلام کے مسائل کی گہری شناخت کے میدان میں ایک نمایاں چہرہ شمار ہوتے ہیں۔ سادہ زندگی، اسلامی اقدار سے عملی وابستگی، انقلابِ اسلامی کے اہداف کی درست پہچان اور مظلوموں کے دفاع و جبهۂ مقاومت کی حمایت کا عزم ان خصوصیات میں شامل ہے جو امتِ اسلامی کے عزت، استقلال اور پیشرفت کے راستے کے تسلسل کی امید کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

انقلابِ اسلامی ایران جو امام خمینیؓ کی حکیمانہ قیادت میں عالمی سطح پر اقتدار، استقامت اور اثر و رسوخ کے ایک نئے مرحلے میں داخل ہوا، آج اس تاریخی انتخاب کے ذریعے ایک بار پھر یہ ثابت کر رہا ہے کہ یہ انقلاب عوام کے ایمان، شہیدوں کے خون اور الٰہی ارادے میں ریشہ دوانی رکھتا ہے اور دشمنوں کے دباؤ، دھمکیوں اور سازشوں کے باوجود ہرگز نہیں رکے گا۔

امام خمینیؒ میموریل ٹرسٹ کرگل اس تاریخی انتخاب کے سلسلے میں اپنے مکمل تعاون اور بیعت کا اعلان کرتے ہوئے اس بات پر زور دیتا ہے کہ کرگل کے مؤمنین اور ولایت مدار عوام کا انقلابِ اسلامی کے اعلیٰ مقاصد کے ساتھ گہرا تعلق رہا ہے۔ لہٰذا یہ ادارہ اور اس خطے کے مؤمن عوام حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ‌ای مدظلہ العالی کی قیادت کی بھرپور اور قاطع حمایت کا اعلان کرتے ہیں اور اسلام کے دفاع، جبهۂ مقاومت کی حمایت، شہیدوں کے خون کی پاسداری اور عالمی ظلم و استکبار کے مقابلے میں استقامت کے راستے کو جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔

آخر میں ہم خداوند متعال سے دعا کرتے ہیں کہ اسلامی جمہوریہ ایران کے منتخب رہبر کو اسلام اور مسلمین کی مزید خدمت، امتِ اسلامی کی رہنمائی، انقلاب کے اعلیٰ مقاصد کی حفاظت اور دنیا کے مظلوموں کے دفاع کی توفیق عطا فرمائے اور عظیم ایرانی قوم کو ہمیشہ عزت، استقلال، مقاومت اور اسلامی بیداری کا پرچم بردار بنائے رکھے۔

والسلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ

چیرمین

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha