جمعہ 13 مارچ 2026 - 18:30
عالمی یومِ قدس کی ریلی میں ملتِ ایران کی شرکت نے تاریخ کا نیا باب رقم کیا: آیت اللہ اعرافی

حوزہ / مدیر حوزہ علمیہ آیت اللہ اعرافی نے قم میں عالمی یومِ قدس کی ریلی میں شرکت کے موقع پر کہا کہ موجودہ حالات کے تناظر میں اس سال کا یومِ قدس گزشتہ برسوں سے مختلف ہے، اور ملتِ ایران کی بھرپور شرکت نے ایک بار پھر عوام، مسلح افواج اور رہبرِ معظم انقلاب کی قیادت پر مبنی اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کو ثابت کر دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدیر حوزہ علمیہ آیت‌ الله اعرافی، دشمن شکن عالمی یومِ قدس کی ریلی میں شریک ہوئے۔

آیت اللہ اعرافی نے ریلی کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس سال عالمی یومِ قدس کی ریلی حالیہ واقعات اور حالات کے پیش نظر گزشتہ تمام برسوں سے مختلف ہے، اور رہبرِ معظم انقلاب کی آواز پر لبیک کہتے ہوئے ملتِ ایران کی دشمن شکن شرکت پر ان کا شکریہ ادا کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ جنگِ رمضان کے دوران ملتِ ایران کی استقامت اور پائیداری نے ایک معجزہ رقم کیا اور ایک نئی طاقت کو جنم دیا۔ ان کے مطابق اس طاقت کی بنیاد تین اہم نکات پر ہے۔ پہلا عنصر عوام کی موجودگی اور ان کی شاندار شرکت ہے جو ہمیشہ جاری رہی ہے، اور آج عالمی یومِ قدس کی ریلی میں ان کی شرکت نے اس باوقار قوم کی تاریخ میں ایک اور سنہرا باب رقم کر دیا ہے۔

قم کے امام جمعہ نے مزید کہا کہ مسلح افواج کی دلیرانہ مزاحمت اسلامی جمہوریہ کے نظام کی طاقت کا دوسرا اہم عنصر ہے، جس نے خطے اور دنیا کی عسکری و سیاسی مساوات کو تبدیل کر دیا ہے۔

انہوں نے تیسرا عنصر اسلامی نظام کی قیادت کو قرار دیتے ہوئے کہا کہ الحمدللہ موجودہ حالات کے پیش نظر نظامِ اسلامی کی قیادت کا انتخاب اور تعارف تیزی کے ساتھ انجام پایا، اور اس وقت نظام کے تمام ستون، بالخصوص رہبرِ معظم انقلاب، ملک کے انتظام و انصرام میں مصروف ہیں اور مختلف پہلوؤں سے ملک کے نظم و نسق میں کسی قسم کی رکاوٹ یا خلل موجود نہیں ہے۔

آیت اللہ اعرافی نے آخر میں تاکید کرتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران کی طاقت کا راز یہی تین عناصر ہیں: عوام، مسلح افواج اور رہبرِ معظم انقلاب۔ تمام اداروں اور ذمہ داران کو چاہیے کہ وہ رہبرِ انقلاب کے پیغام اور انقلاب کے راستے اور اہداف کے ساتھ ثابت قدم رہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سال کا یومِ قدس گزشتہ تمام برسوں سے مختلف ہے اور اس موقع پر ملتِ عظیم ایران کا شکریہ ادا کیا جانا چاہیے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha