پیر 11 مئی 2026 - 10:31
تبیینِ دین اور وحدتِ اسلامی علماء کی سب سے بڑی ذمہ داری، ڈاکٹر ذاکر ناصری

حوزہ/ آل انڈیا شیعہ کونسل کے زیر اہتمام امامیہ ہال نئی دہلی میں ’’کل ہند امینِ انقلاب کانفرنس‘‘ منعقد ہوئی، جس میں ملک بھر سے علماء کرام اور خطباء عظام نے شرکت کی۔ کانفرنس میں خطۂ لداخ کی نمائندگی کرتے ہوئے ادارہ انجمن صاحب الزمانؑ کے نمائندے حجۃ الاسلام ڈاکٹر ذاکر ناصری نے خطاب کرتے ہوئے شہدائے مقاومت کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور علماء کی ذمہ داریوں، دینی تبلیغ اور وحدتِ اسلامی کی اہمیت پر زور دیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، آل انڈیا شیعہ کونسل کی جانب سے امامیہ ہال نئی دہلی میں مورخہ 5 مئی بروز منگل ’’کل ہند امینِ انقلاب کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا، جس میں پورے ہندوستان سے علماء کرام نے شرکت کی۔

اس کانفرنس میں خطۂ لداخ کی نمائندگی کرتے ہوئے ادارہ انجمن صاحب الزمانؑ کے نمائندے حجۃ الاسلام ڈاکٹر ذاکر ناصری نے بھی شرکت کی اور خطۂ لداخ کے تمام مؤمنین و مؤمنات کی جانب سے ’’امینِ انقلاب‘‘ اور شہدائے امت کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے اپنے مختصر مگر جامع خطاب میں روسی صدر کے ایک قول کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’رہبرِ معظم مجسمۂ حضرتِ مسیحؑ تھے۔‘‘ انہوں نے شہید حاج قاسم سلیمانی کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہ فرمایا کرتے تھے: ’’واللہ، باللہ، تاللہ! اگر آج کے زمانے میں کوئی ایسی شخصیت ہے جو امام زمانہؑ کی حقیقی نمائندگی کر سکتی ہے تو وہ یہی شہیدِ عزیز ہیں۔‘‘

ڈاکٹر ذاکر ناصری نے رہبرِ معظم کی گفتار کی روشنی میں علماء کرام کے فرائض بیان کرتے ہوئے کہا کہ شہیدِ عزیز جن امور پر زیادہ تاکید فرماتے تھے، ان میں ’’تبیین‘‘ یعنی دینِ اسلام کو صحیح انداز میں لوگوں تک پہنچانا اور وحدتِ اسلامی کے لیے عملی جدوجہد کرنا شامل ہے۔ لہٰذا ہم علماء کی ذمہ داری ہے کہ ان تعلیمات پر عمل پیرا ہوں۔

اجلاس کے اختتام پر جناب سید جلال حیدر نقوی نے اجلاس کا منشور اور قرارداد پیش کرتے ہوئے عالمی برادری سے اپیل کی کہ ایران پر مسلط کردہ جنگ کو فوری طور پر رکوانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں، جبکہ امریکہ اور اسرائیل کو جنگی مجرم قرار دے کر ایران کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کی راہ ہموار کی جائے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha