جمعہ 24 اپریل 2026 - 18:03
انجمن صاحب الزمانؑ کرگل کے اعلیٰ سطحی وفد کی سفارتِ ایران اور دفترِ نمائندۂ رہبری میں حاضری،شہادتِ رہبرِ انقلاب پر تعزیت و یکجہتی کا اظہار

حوزہ/ انجمن صاحب الزمانؑ کرگل کے اعلیٰ سطحی وفد نے سفارتِ اسلامی جمہوریہ ایران اور دفترِ نمائندۂ رہبری ہند میں اہم ملاقاتیں کرتے ہوئے شہادتِ رہبرِ انقلاب پر تعزیت پیش کی اور ایران کے ساتھ مکمل یکجہتی، وفاداری اور بھرپور حمایت کا اظہار کیا۔ وفد نے کرگل کے مومنین کی جانب سے جاری تعزیتی و امدادی سرگرمیوں کی تفصیلات بھی پیش کیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، شہیدِ امت، رہبرِ انقلابِ اسلامی حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید علی خامنہ ای کے چہلم پر انجمن صاحب الزمانؑ کرگل لداخ کے علمائے کرام کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے حجۃ الاسلام سید محمد رضوی میگی (سرپرستِ اعلیٰ) اور حجۃ الاسلام شیخ صادق بلاغی (چیئرمین) کی قیادت میں سفارت خانۂ اسلامی جمہوریہ ایران اور ایران کلچر ہاؤس کا دورہ کیا۔

وفد میں حجۃ الاسلام سید محمد باقر رضوی (مسئول امورِ مذہبی) حجۃ الاسلام سید جعفر رضوی (مسئول امورِ مکاتب) حجۃ الاسلام شیخ مسلم صادقی (وائس چیئرمین بسیج روحانیون) اور حجۃ الاسلام ڈاکٹر محمد ذاکر ناصری (سابق نمائندہ حسینیہ بقیۃ اللہ قم مقدس) شامل تھے۔

مورخہ 16 اپریل کو صبح گیارہ بجے وفد نے سب سے پہلے سفارت خانے میں اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر جناب فتح علی سے ملاقات کی۔ اس موقع پر سرپرستِ اعلیٰ نے وفد کا تعارف کرایا، جس کے بعد ڈاکٹر ذاکر ناصری صاحب نے وفد کے دورے کے اغراض و مقاصد بیان کیے۔

انہوں نے سب سے پہلے شہادتِ امام جعفر صادقؑ اور چہلمِ شہادتِ رہبرِ عزیز کی مناسبت سے تعزیت پیش کی، پھر کرگل کے مومنین، مومنات اور جوانان کی جانب سے سلام و عقیدت پیش کرتے ہوئے شہادت کے پہلے روز سے چالیس روزہ منعقدہ تمام پروگراموں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی۔ اس میں دعائیہ مجالس، اعمال، جلوسِ عزا، سلسلہ وار فاتحہ خوانی، مجالسِ ترحیم، امدادی مہم اور چہلم کے عظیم الشان سیمینار شامل تھے۔

اس موقع پر سفیرِ ایران نے اہلِ لداخ، بالخصوص انجمن صاحب الزمانؑ کے علما، بزرگان، مومنین، مومنات اور نوجوانوں کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اس عظیم سانحے پر تعزیت پیش کرتے ہوئے کہا کہ اگرچہ شہیدِ عزیز اپنی دیرینہ آرزو کو پہنچے، لیکن ان کی جدائی ایک ایسا خلا ہے جو کبھی پُر نہیں ہو سکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے نینو ٹیکنالوجی، بایو ٹیکنالوجی اور فضائی علوم میں عالمی سطح پر نمایاں پیش رفت حاصل کی ہے۔ اپنی گفتگو میں انہوں نے رہبرِ معظم کے چند اہم جملے بھی نقل کیے، جن میں مزاحمت کی اہمیت اور انفرادی کردار کی اصلاح پر زور دیا گیا۔

ملاقات کے بعد وفد نے سفارت خانے کے مصلیٰ میں سرپرستِ اعلیٰ کی امامت میں نمازِ ظہرین ادا کی۔ اس کے بعد وفد کو نمائش گاہ مدرسہ میناب کا دورہ کرایا گیا، جہاں امریکہ اور اسرائیل کی جارحیت کا نشانہ بننے والے معصوم شہید بچوں کی تصاویر اور یادگار جملے آویزاں تھے، جنہوں نے حاضرین کو غمگین کر دیا۔

اسکے بعد موجودہ وفد دفتر نمائندۂ رہبری پہنچا جہاں انہوں نے حجۃ الاسلام والمسلمین ڈاکٹر عبدالمجید حکیم الٰہی سے ملاقات کی و ہمدردی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر ڈاکٹر ذاکر ناصری نے ایک بار پھر کرگل میں چالیس روزہ جاری پروگراموں کی تفصیلی رپورٹ پیش کی اور رہبرِ معظم حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کے ساتھ اپنی بیعت و وفاداری کا اظہار کیا۔

نمائندۂ ولی فقیہ ہند نے وفد اور بالخصوص لداخ کے مومنین و مومنات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ اس جنگ اور اس عظیم شہادت نے دنیا پر لداخ کے مومنین کی شرافت، انسانیت اور وفاداری کو واضح کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ لداخ کے عوام نے جس جذبے کے ساتھ حمایت کا مظاہرہ کیا، وہ پورے ملت ہندوستان کے لیے مثال بن گیا۔

انہوں نے خاص طور پر خواتین اور بچوں کے ایثار کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اپنے تمام امکانات کا ایران کی راہ میں پیش کرنا ان کے ایمان اور شرافت کی روشن دلیل ہے۔ ان کے بقول، “اگر آپ کربلا میں ہوتے تو یقیناً امام حسینؑ کے خیمے میں ان کے ساتھ ہوتے۔”

ملاقات کے اختتام پر سرپرستِ اعلیٰ نے حضرت آقا کی شہادت پر تعزیتی لوحِ یادگار پیش کی اور مومنین کی جانب سے جمع کی گئی انسانی امداد بھی نمائندۂ محترم کی خدمت میں پیش کی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha