منگل 28 اپریل 2026 - 02:51
آیت الله خامنہ ای شہید ہیں اور شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں: وحدت اسلامی ہند

حوزہ/وحدتِ اسلامی ہند کے امیر کل امیر ضیاء الدین صدیقی نے ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے سلسلے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای شہید ہیں اور شہید مرتے نہیں، بلکہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، وحدتِ اسلامی ہند کے امیر کل امیر ضیاء الدین صدیقی نے ایران کے رہبرِ اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کی شہادت کے سلسلے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ آیت اللہ خامنہ ای شہید ہیں اور شہید مرتے نہیں، بلکہ ہمیشہ زندہ رہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیل اور امریکہ اپنی بزدلانہ کاروائیوں کے نتیجے میں خود ہی ذلت و شکست سے دوچار ہونے والے ہیں۔

امیرِ وحدتِ اسلامی ہند نے کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے سلسلے میں جنوری 2016 سے نافذ مشترکہ جامع منصوبۂ عمل (Joint Comprehensive Plan of Action - JCPOA) پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کے تمام ارکان کے ساتھ ساتھ جرمنی اور یورپی یونین نے بھی دستخط کیے تھے، لیکن ٹرمپ نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے جنگی جنون کے تحت اس معاہدے سے خود کو علیحدہ کر لیا اور اسرائیل کے ساتھ مشترکہ طور پر ایران کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے جنگ مسلط کر رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ تمام کاروائیاں بزدلانہ اور ظالمانہ ہیں۔ مہذب دنیا میں اس طرح کے وحشیانہ عمل کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔ ہم اس جنگی جنون کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔

وحدت اسلامی ہند کے امیر کل نے مزید کہا کہ ایران کے جوہری پروگرام کے سلسلے میں سفارتی گفتگو کے مراحل کے دوران ہی جون 2025 اور فروری 2026 میں اسرائیل اور امریکہ کی جانب سے کیے گئے حملے بزدلانہ اور مجرمانہ ذہنیت اور رویّوں کی عکاسی کرتے ہیں۔ یہ حملے بین الاقوامی سفارتی آداب و قوانین کی صریح خلاف ورزی ہیں۔ پر امن جوہری معاہدے پر دستخط کرنے والے ممالک پر کی ذمہ داری ہے کہ امریکہ کو مذکورہ معاہدے کا پابند بنانے اور بین الاقوامی آداب و قوانین کی پاسداری کے لیے مجبور کریں۔

امیرِ وحدتِ اسلامی ہند نے کہا کہ مشرقِ وسطیٰ میں امریکی فوجی اڈے جب تک قائم رہیں گے، ایک کے بعد ایک تمام ملکوں میں نسل کشی کے لیے امریکہ کے ذریعے جنگیں مسلط کی جاتی رہیں گی، تاکہ گریٹر اسرائیل کے منصوبے کو حاصل کیا جا سکے۔ یہ فوجی اڈے مشرقِ وسطیٰ میں عام انسانوں کے وجود کے لیے سب سے بڑا خطرہ بنے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ اپنے سامراجی منصوبوں کے تحت ایران میں اقتدار کی تبدیلی کے ذریعے وہاں ایک کٹھ پتلی حکومت قائم کرنا چاہتا ہے، تاکہ وہاں کے عوام اور قدرتی وسائل کا استحصال کر سکے۔

ضیاء الدین صدیقی نے قرآنِ کریم کی آیت: وَلَا تَقُولُوا لِمَنْ يُقْتَلُ فِي سَبِيلِ اللَّهِ أَمْوَاتٌ ۚ بَلْ أَحْيَاءٌ وَلَٰكِن لَّا تَشْعُرُونَ. (البقرہ: 154) “اور جو اللہ کی راہ میں مارے جائیں انہیں مردہ نہ کہو بلکہ وہ زندہ ہیں لیکن تمہیں اس کا شعور نہیں۔”کا تذکرہ کرتے ہوئے اس عظیم غم کو صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی تلقین کی۔

انہوں نے ایران کے عوام کے ساتھ ہمدردی اور یگانگت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سامراج کے خلاف مضبوطی کے ساتھ سینہ سپر رہیں اور اللہ کی نصرت پر بھروسہ رکھیں۔

امیرِ وحدتِ اسلامی ہند نے اس موقع پر وحدتِ اسلامی ہند کے تمام وابستگان کی جانب سے تعزیت پیش کرتے ہوئے اللہ کے حضور دعا کی کہ رب العالمین آیت اللہ خامنہ ای اور وہ تمام اہلِ ایمان جو اس جنگ میں شہید ہوئے ہیں، ان سب کو اپنے جوارِ رحمت میں جگہ دے اور تمام پسماندگان و متعلقین کو صبرِ جمیل عطا فرمائے اور امتِ مسلمہ کو بہترین نعم البدل عطا فرمائے۔ آمین

منجانب: ایم انیس احمد

معتمدِ عمومی، وحدتِ اسلامی ہند

آیت الله خامنہ ای شہید ہیں اور شہید ہمیشہ زندہ رہتے ہیں: وحدت اسلامی ہند

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha