حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مورخہ 28 اپریل 2026 کو لداخ کی غیور، باشعور اور باوقار قوم و ملت کی نمائندگی کرتے ہوئے انجمنِ انقلابِ مہدیؑ کے ایک معزز وفد نے نئی دہلی میں نمائندۂ ولیِ فقیہ ہند، حجت الاسلام والمسلمین عبدالمجید حکیم الٰہی سے ان کے دفتر میں ایک بامقصد اور اہم ملاقات کی۔ یہ ملاقات محض رسمی نہ تھی، بلکہ اس میں دینی، فکری اور اجتماعی ذمہ داریوں کا بھرپور اظہار بھی کیا گیا۔

اس ملاقات کا بنیادی مقصد مؤمنین و مؤمنات کی جانب سے اہلِ حق کی حمایت میں پیش کردہ ہدیہ کی تقدیم، جبهۂ حق کے ساتھ عملی تعاون کے عزم کا اعادہ اور رہبرِ جدید انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہای کی خدمت میں اظہارِ حمایت و تجدیدِ عہد پیش کرنا تھا۔
اس موقع پر وفد نے نہایت سنجیدگی، وقار اور اخلاص کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کیا، جو ان کی فکری پختگی اور اجتماعی شعور کا آئینہ دار تھا۔
وفد کی قیادت صدرِ انجمن، حجۃ الاسلام والمسلمین سید طٰہٰ الرضوی نے فرمائی۔ ان کے ہمراہ حجۃ الاسلام سید جمال موسوی، حجۃ الاسلام شیخ افتخار حسین نجفی، حجۃ الاسلام شیخ مرتضیٰ انصاری، حجۃ الاسلام شیخ جعفر، اور حجۃ الاسلام شیخ علی ترابی سمیت مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والی دیگر معزز شخصیات بھی شریک تھیں۔

اس نمائندہ وفد نے عوامی جذبات کی بھرپور ترجمانی کرتے ہوئے اہلِ حق کے ساتھ اپنی وابستگی اور حمایت کو واضح انداز میں پیش کیا۔
ملاقات کے دوران معزز نمائندہ نے اپنے پُرفیض ارشادات میں مبلغین اور نمائندگان کو اس امر کی طرف متوجہ کیا کہ معاشرے میں امامِ عصرؑ کی صحیح پہچان کو فروغ دیا جائے، عوام میں دینی شعور بیدار کیا جائے اور اس تعلق کو عملی زندگی میں نمایاں کیا جائے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ فکری اور روحانی تربیت کے ذریعے ایک مضبوط، بیدار اور ذمہ دار معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔
یہ بابرکت نشست دعائے خیر کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ بلاشبہ یہ ملاقات لداخ کی مؤمن، بیدار اور باوقار قوم کی دینی بصیرت، فکری استحکام اور اجتماعی شعور کی روشن عکاسی کرتی ہے، جو مستقبل میں مزید مثبت اور تعمیری اقدامات کی بنیاد فراہم کرے گی۔









آپ کا تبصرہ