پیر 18 مئی 2026 - 15:28
رہبرِ انقلاب شہید آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای پیغامِ وحدت کے مرکز: مقررین

حوزہ/ مہاراشٹرا کے ضلع ناگپور کے علاقے کامٹی میں واقع مدرسہ رسولِ اعظمؐ میں شہدائے راہِ حق بالخصوص شہیدِ امت رہبرِ شہید کے ایصالِ ثواب کے عنوان سے “نمائشگاہِ شہدائے میناب” اور تعزیتی جلسہ و مجلسِ عزاء منعقد ہوئی، جس میں علماء، دانشوروں، اہلِ سنت و شیعہ شخصیات، ہندو برادری اور مختلف طبقات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کرتے ہوئے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کیا اور اتحاد، استقامت اور ظلم کے خلاف مزاحمت کے پیغام کو اجاگر کیا۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ رسولِ اعظمؐ، نیو کامٹی ضلع ناگپور (مہاراشٹرا) میں شہدائے راہِ حق بالخصوص شہیدِ امت رہبرِ شہید حضرت آیت اللہ العظمیٰ امام خامنہ ایؒ کے ایصالِ ثواب کے عنوان سے “نمائشگاہ شہدائے میناب” اور تعزیتی جلسہ و مجلسِ عزاء‘‘ کا انعقاد ہوا۔

رہبرِ انقلاب شہید آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای پیغامِ وحدت کے مرکز: مقررین

پروگرام کی صدارت مدیرِ حوزہ علمیہ رسولِ اعظم مجاہدِ ملت حجۃ الاسلام مولانا انصار علی ہندی صاحب نے فرمائی۔

پروگرام کے پہلے مرحلے میں “نمائشگاہ شہدائے میناب” منعقد کی گئی، جس میں168 معصوم شہید بچوں کی یاد میں ملبے سے نکلی ہوئی ڈرائنگس، دردناک تصاویر اور تباہ حال مناظر پیش کیے گئے۔

نمائش میں میناب کے مظلوم بچوں کے ادھورے خوابوں کی داستان کو منظرکشی کے ذریعے پیش کیا گیا جسے دیکھ کر حاضرین کی آنکھیں اشکبار ہوگئیں۔ مومنین سمیت مختلف مکاتبِ فکر اور کامٹی و ناگپور کے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

رہبرِ انقلاب شہید آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای پیغامِ وحدت کے مرکز: مقررین

دوسرے مرحلے میں نمازِ مغربین کے بعد تعزیتی جلسہ و مجلسِ عزاء کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک اور قرآن خوانی سے ہوا۔ تلاوت کے فرائض حوزہ علمیہ رسولِ اعظم ؐکے طالب علم جناب محمد رضا صاحب نے انجام دیے جبکہ ابتدائی کلمات حجۃ الاسلام مولانا محمد تقی ہندی صاحب نے پیش کیے۔ بعد ازاں نظامت کے فرائض مولانا محمد منتظر ناگپوری نے بحسنِ خوبی انجام دیے جبکہ جناب اظہر حسین حیدری صاحب نے پرسوز تعزیتی نظم پیش کی۔

جلسے میں مختلف دانشوران، علماءِ اہلِ سنت، شیعہ علماء اور ہندو برادری کے افراد نے شرکت کرتے ہوئے اپنے تاثرات پیش کیے۔ دانشمند و مورخ ڈاکٹر محمد شرف الدین ساحل صاحب نے اپنے خطاب میں کہا کہ شہید رہبرِ معظم نے امریکہ جیسے سپر پاور کے غرور کو خاک میں ملا دیا اور شدید پابندیوں کے باوجود ایران استقامت کے ساتھ اپنے مقصد پر قائم رہا، لیکن جب شیطانِ بزرگ نے چھیڑا تو ایران نے اسے اس کی اوقات دکھا دی۔

رہبرِ انقلاب شہید آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای پیغامِ وحدت کے مرکز: مقررین

جناب ریاض الخالق صاحب، جوایم، ایم ربانی ہائی اسکول کے سابق ٹیچر رہ چکے ہیں، انہوں نے کہا کہ شہید رہبرِ معظم کی زندگی ہمیں یہ سبق دیتی ہے کہ آپسی مسلکی اختلافات کو ختم کرکے متحد رہنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔

جماعتِ اسلامی سے وابستہ جناب شاکر الاکرم فلاحی صاحب نے کہا کہ دل ہمارے زخمی اور آنکھیں اشکبار ہیں، لیکن شہید رہبرِ معظم کی عملی زندگی ہمیں یہ پیغام دیتی ہے کہ تعلیم و تربیت کے حصول کے ساتھ ساتھ سماجی خدمات انجام دینا بھی ضروری ہے۔

خواجہ غریب نواز فاؤنڈیشن ناگپور کے صدر مولانا محمد زبیر صاحب نے کہا کہ رہبرِ شہید پیکرِ عزم و عمل تھے، انہوں نے اپنی عزیز جان قربان کردی لیکن باطل کے سامنے کبھی اپنا سر نہیں جھکایا۔

ہندو برادری سے تعلق رکھنے والے جناب سنویدھان لوکھنڈے نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں ہے، لیکن اگر امریکہ حملہ کرے تو اس کا جواب دینا بھی ضروری ہے اور یہی ایران کر رہا ہے، ساتھ ہی انہوں نے تعلیم کے میدان میں آگے بڑھنے کی ضرورت پر زور دیا۔

رہبرِ انقلاب شہید آیت الله العظمیٰ سید علی خامنہ ای پیغامِ وحدت کے مرکز: مقررین

علاقے کے وارڈ ممبر جناب بھوکرے صاحب نے بھی اپنے خطاب میں امریکہ کے اس عمل کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس کا جواب دینا ضروری تھا اور ہم ایران کے ساتھ کھڑے ہیں۔

پروگرام میں حجۃ الاسلام مولانا مجتبیٰ حیدر شبیری صاحب ، حجۃ الاسلام مولانا محمد حسن جعفری صاحب، حجۃ الاسلام محمد منتظر مہدی صاحب، جناب الحاج مولانا غلام حسنین باقری صاحب ناگپور، مولانا مسلم رضا صاحب، مولانا فیاض حسین حیدری صاحب سمیت کئی معزز علماء شریک رہے۔

آخر میں نمائندہ و ولی فقیہ دہلی کے دفتر سے تشریف لائے ہوئے حجۃ الاسلام والمسلمین سید مولانا سید قمر حسنین رضوی صاحب نے ملتِ حسینی سے خطاب کرتے ہوئے شہید رہبرِ معظم کی حیاتِ طیبہ کے مختلف پہلوؤں کو بیان فرمایا اور امام رضا علیہ السلام کے فضائل و مصائب بیان کرتے ہوئے حاضرین کو غمزدہ کردیا۔ مولانا موصوف کی دعا پر مجلس اختتام پذیر ہوئی۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha