حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ہالینڈ کے دارالحکومت میں حالیہ دنوں میں اسرائیل کو ہتھیار بھیجے جانے کے خلاف احتجاج کرنے والے مظاہرین پر پولیس نے سخت کارروائی کی ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں واضح دیکھا جا سکتا ہے کہ پولیس افسران مظاہرین پر کتے چھوڑ رہے ہیں اور ان پر حملہ کروا رہے ہیں۔
یہ احتجاج غزہ میں جاری جنگی صورتِ حال اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کے خلاف تھا۔ مظاہرین نے پرامن طریقے سے سڑکوں پر آ کر آواز اٹھائی تھی، لیکن پولیس نے ان کے خلاف سخت رویہ اپناتے ہوئے کتوں کے ذریعے حملہ کروایا۔
سوشل میڈیا پر ایک شخص نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا:
"یورپ اظہارِ رائے کی آزادی کا علمبردار تو ہے، لیکن جب قتل عام کے خلاف بات کرو تو سب نقاب اتر جاتے ہیں۔"
اس صارف نے یہ بھی کہا کہ یورپی ممالک جہاں ایک طرف ڈنمارک، سویڈن اور دیگر ممالک میں قرآن مجید کو جلانے کی اجازت دے کر اظہارِ رائے کی آزادی کا دعویٰ کرتے ہیں، وہیں جب فلسطینی عوام کے حق میں آواز اٹھائی جائے تو تشدد کا سہارا لیتے ہیں۔
اس ویڈیو کے سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا پر شدید ردعمل سامنے آیا ہے۔ صارفین نے ہالینڈ پولیس کے اس اقدام کو شرمناک اور انسانی حقوق کے خلاف قرار دیا ہے۔ کچھ کا کہنا ہے کہ یورپ کی دوہری اخلاقیات اب سب پر واضح ہو چکی ہے۔
واضح رہے کہ اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے بعد سے یورپ کے کئی شہروں میں فلسطین کے حق میں اور اسرائیل کو ہتھیاروں کی فراہمی کے خلاف مظاہرے ہو رہے ہیں، جن میں پولیس نے کئی بار سخت کارروائیاں کی ہیں۔ تاہم، کتوں کے ذریعے حملہ کرنے کا یہ واقعہ خاص طور پر زیرِ بحث بنا ہوا ہے۔









آپ کا تبصرہ