حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، یہ پروگرام امام خامنہ ای کانفرنس ہال میں منعقد ہوا جس میں بلوچستان کے اہل سنت و اہل تشیع کے ممتاز منقبت خوانوں، مداحوں، ممتازین اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔
پانچ اہل سنت منقبت خوانوں اور چار اہل تشیع ذاکرین کے علاوہ، برادران و خواہران کے دو گروپس نے حضرت امام رضا علیہ السلام اور اہل بیت علیہم السلام کی شان میں مدیحہ سرائی کی اور اپنی عقیدت کا اظہار کیا۔
بلوچستان میں سلسلہ قادریہ کے بااثر رہنما صاحبزادہ احمد رضا قادری کی موجودگی نے اس محفل کی رونق میں خاصا اضافہ کیا، ان کے جذباتی کلمات نے محفل کو مسرور کر دیا۔

اس پروگرام پر بلوچستان دیہی ترقیاتی اتھارٹی کے منیجنگ ڈائریکٹر طاہر رشید، مولانا انوار الحق حقانی (بلوچستان کے مرکزی خطیب)، حجت الاسلام و المسلمین سید حسن مبلغ (امام جمعہ ہزارہ ٹاؤن)، اور عبدالقیوم کاکڑ (عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رکن) نے بھی شرکت کی۔
کوئٹہ میں ایران کے ثقافتی مرکز کے انچارج سید ابوالحسن میری نے اپنے خطاب کے دوران کہا: یہ محفل ہر سال منعقد ہونے والی ایک روایت بن چکی ہے، جو بلوچستان کے عوام کے اہل بیت علیہم السلام سے گہرے اور عمیق تعلق کی علامت ہے۔
انہوں نے کہا: اہل سنت اور اہل تشیع برادران کا امام رضا علیہ السلام کی مدح میں ایک ساتھ مدیحہ سرائی کرنا عالم اسلام کے لیے ایک بہت بڑا پیغام ہے۔ اہل بیت علیہم السلام سے محبت وحدت کا مرکزی نقطہ اور اسلامی بھائی چارے کا عملی مظہر ہے جو تفرقہ ڈالنے والوں کی سازشوں کو ناکام بنا دیتا ہے۔









آپ کا تبصرہ