حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مجمع علماء و طلاب روندو مقیم قم کے دفتر میں عشرۂ کرامت کی مناسبت سے ایک عظیم الشان پروگرام منعقد ہوا، جس میں بلتستان کے اکثر مجامع کے صدور سمیت جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجت الاسلام سید احمد رضوی اور مدرسہ حجتیہ کے شعبۂ ثقافت و تربیت کے سربراہ حجت السلام ڈاکٹر صرفی نے خصوصی طور پر شرکت کی۔
پروگرام کا باقاعدہ آغاز محمد رضا فیاضی نے تلاوتِ قرآنِ مجید سے کیا، بعد ازاں قبلہ ڈاکٹر علی موسیٰ عرفانی، شیخ علی ترانی اور برادر اخلاق شریفی نے بارگاہِ اہل بیت علیہم السّلام میں عقیدت کے پھول نچھاور کئے۔
عشرۂ کرامت کی مناسبت سے منعقدہ محفل سے مہمانِ خصوصی حجت الاسلام ڈاکٹر صرفی نے امام رضا علیہ السّلام کی ایک حدیث بیان کی: الامامُ الانیسُ الرفیقُ۔ (زمانے کا ) امام اپنے ماننے والوں سے محبت کرنے والا اور ان کا خیر خواہ ہوتا ہے۔
انہوں نے مذکورہ بالا حدیث کی روشنی میں معاشرے کو امام زمان علیہ السّلام کے ظہور کیلئے آمادہ کرنے پر تاکید کی۔
جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجت الاسلام سید احمد رضوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء اور علمائے کرام کو ہفتہ وار پروگراموں کے توسط سے اپنی علمی کمزوریوں کی اصلاح کرنی چاہیئے، تاکہ ہم دین اسلام کی تبلیغ کیلئے دور حاضر کے تقاضوں کے مطابق آمادہ ہوں۔
عشرۂ کرامت کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے مجمع کی نظارت کونسل کے سابق سربراہ حجت الاسلام شیخ محمد وصیل فیاضی اور سابق صدر حجت الاسلام آغا سید عباس موسوی نے نیز مختصر خطاب کیا اور اپنے تجربات کو حاضرین تک منتقل کیا۔
مجمع علماء و طلاب روندو کی طرف سے مجمع کے سابق صدر آغا سید عباس موسوی اور نظارت کونسل کے سابق سربراہ حجت الاسلام شیخ محمد وصیل فیاضی کی دو سالہ بہترین کارکردگی کے اعتراف میں انہیں اعزازی اسناد سے نوازا گیا۔
پروگرام میں اسلامی جمہوریہ ایران کے ٹیلیویژن اور مجمع جہانی اہل بیت علیہم السّلام کے تعاون سے منعقد ہونے والے تعلیمی دورے میں شرکت کرنے والے برادران کو نیز اسناد سے نوازا گیا۔
آخر میں مجمع کے صدر آغا سید حامد علی شاہ رضوی نے تمام مہمانوں کا خاص طور پر مدرسہ حجتیہ کے شعبۂ ثقافت و تربیت کے سربراہ حجت السلام ڈاکٹر صرفی، جامعہ روحانیت بلتستان کے صدر حجت الاسلام سید احمد رضوی، انجمنِ طلاب کھرمنگ کے صدر حجت الاسلام نثار عاملی، مجمع طلاب شگر کے صدر مولانا شیر محمد مقدسی سمیت دیگر مہمانان اور بزرگان کا شکریہ ادا کیا۔
پروگرام کی نظامت کے فرائض مولانا منظوم ولایتی نے انجام دیئے۔