جمعرات 21 مئی 2026 - 12:48
چین اور روس کی ایران پر امریکی و اسرائیلی حملوں کی سخت مذمت

حوزہ/ چین اور روس کے صدور نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور انہیں بین الاقوامی قوانین اور عالمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، چین اور روس کے صدور نے مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال پر مشترکہ بیان جاری کرتے ہوئے ایران پر امریکہ اور اسرائیل کے حملوں کی سخت مذمت کی ہے اور انہیں بین الاقوامی قوانین اور عالمی تعلقات کے بنیادی اصولوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

چین کے صدر شی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوتین نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا کہ ایران کے خلاف امریکی و اسرائیلی حملوں نے خطے کی سلامتی اور استحکام کو شدید نقصان پہنچایا ہے۔ دونوں رہنماؤں نے زور دیا کہ جنگ میں شامل فریقین فوری طور پر مذاکرات اور سفارتی بات چیت کی طرف واپس آئیں تاکہ تنازع مزید پھیلنے سے روکا جا سکے۔

روسی سرکاری میڈیا کے مطابق ماسکو اور بیجنگ نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ غیر جانب دار اور حقیقت پسندانہ مؤقف اختیار کرے، مغربی ایشیا میں کشیدگی کم کرنے کے لیے کردار ادا کرے اور بین الاقوامی تعلقات کے بنیادی اصولوں کے تحفظ کے لیے مشترکہ اقدامات کرے۔

چینی صدر شی جن پنگ نے اس موقع پر کہا کہ مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال ایک نہایت حساس اور فیصلہ کن مرحلے میں داخل ہوچکی ہے۔ انہوں نے ایران کے خلاف جنگی کارروائیوں کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے فوری جنگ بندی پر زور دیا۔ شی جن پنگ نے کہا کہ خطے میں جنگ کے خاتمے سے عالمی توانائی کی فراہمی اور بین الاقوامی تجارت کو درپیش رکاوٹیں بھی کم ہوں گی۔

ادھر روسی صدر ولادیمیر پوتین امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ دورۂ بیجنگ کے چند روز بعد چین پہنچے، جہاں آج ان کی شی جن پنگ کے ساتھ دو طرفہ ملاقات اور دونوں ممالک کے وفود کے درمیان وسیع مذاکرات ہوئے۔ ملاقات کے اختتام پر چین اور روس کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانے سمیت کئی اہم معاہدوں اور دستاویزات پر دستخط بھی کیے گئے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha