منگل 16 جون 2026 - 19:33
جماعت اسلامی ہند کا انہدامی کارروائیاں روکنے کا مطالبہ، ایران۔امریکہ معاہدے کا خیرمقدم

حوزہ/ جماعت اسلامی ہند نے ملک کے مختلف حصوں میں جاری انہدامی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایسی کارروائیاں روکی جائیں اور متاثرہ افراد کی مناسب بازآبادکاری کو یقینی بنایا جائے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی ہند نے ملک کے مختلف حصوں میں جاری انہدامی کارروائیوں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت ہند سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ایسی کارروائیاں روکی جائیں اور متاثرہ افراد کی مناسب بازآبادکاری کو یقینی بنایا جائے۔

جماعت کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ کئی مقامات پر قانونی تقاضے پورے کیے بغیر مکانات اور مذہبی مقامات کو منہدم کیا جا رہا ہے، جس سے ہزاروں خاندان بے گھر ہونے کے خطرے سے دوچار ہیں۔

جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر ملک معتصم خان نے ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہلی، گجرات، مہاراشٹر، اتر پردیش اور راجستھان سمیت مختلف علاقوں میں ہونے والی انہدامی کارروائیاں انسانی وقار اور بنیادی حقوق کے منافی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شدید گرمی اور آنے والے مان سون کے پیش نظر متاثرین کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔

اس موقع پر جماعت کے نائب امیر پروفیسر سلیم انجینئر نے امریکہ اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور استحکام کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ تمام فریق معاہدے کی شرائط پر دیانت داری سے عمل کریں گے اور بین الاقوامی برادری اس کی نگرانی کرے گی۔ انہوں نے غزہ اور فلسطین میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بھی توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

پروفیسر سلیم انجینئر نے راجیہ سبھا انتخابات کے حوالے سے بھی تشویش ظاہر کرتے ہوئے انتخابی عمل میں شفافیت، ووٹوں کی خرید و فروخت اور جانبداری کے الزامات کو جمہوری نظام کے لیے نقصان دہ قرار دیا۔ ادھر اے پی سی آر کے قومی سکریٹری ندیم خان نے مغربی بنگال میں سیاسی دباؤ، تشدد اور انہدامی نوٹسوں کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال پر تشویش ظاہر کی۔

جماعت اسلامی ہند نے سول سوسائٹی، انسانی حقوق کی تنظیموں اور قانونی ماہرین سے اپیل کی کہ وہ متاثرہ افراد کے حقوق کے تحفظ کے لیے آگے آئیں اور آئینی و جمہوری اقدار کے دفاع میں اپنا کردار ادا کریں۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha