حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ممبئی، ممبئی کے باندرہ علاقے میں کارٹر روڈ پر منعقدہ ’’دریا والا علم‘‘ کی آٹھویں محرم الحرام کی مجلسِ عزاء میں عزاداروں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ مجلس سے خطاب کرتے ہوئے آل انڈیا شیعہ پرسنل لا بورڈ کے سربراہ مولانا مرزا یعسوب عباس نے حضرت ابوالفضل العباسؑ کی یادِ شہادت کے حوالے سے تفصیلی گفتگو کی۔
انہوں نے کہا کہ حضرت ابوالفضل العباسؑ کی حیاتِ مبارکہ وفائے عہد، ایثار، شجاعت اور اطاعتِ امامؑ کی عظیم مثال ہے۔ واقعۂ کربلا میں حضرت عباسؑ نے جس بے مثال وفاداری اور قربانی کا مظاہرہ کیا، وہ رہتی دنیا تک حق و صداقت کے علمبرداروں کے لیے مشعلِ راہ رہے گا۔

مولانا مرزا یعسوب عباس نے کہا کہ محرم الحرام کا پیغام صرف غم و سوگ تک محدود نہیں بلکہ یہ عدل، انسانیت، مظلوموں کی حمایت اور ظلم کے خلاف استقامت کا درس بھی دیتا ہے۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ آج کے دور میں فلسفۂ کربلا کو سمجھنے اور اس کی تعلیمات کو عملی زندگی میں نافذ کرنے کی ضرورت پہلے سے کہیں زیادہ ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت امام حسینؑ اور ان کے باوفا اصحاب، بالخصوص حضرت ابوالفضل العباسؑ کی قربانیاں امتِ مسلمہ کے لیے حریت، وفاداری اور ایثار کا لازوال سرمایہ ہیں۔ ان عظیم ہستیوں نے اپنے کردار اور عمل کے ذریعے یہ پیغام دیا کہ حق کے لیے ہر قسم کی قربانی پیش کی جا سکتی ہے، لیکن باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا جا سکتا۔
مجلس کے اختتام پر عزاداروں نے حضرت امام حسینؑ اور حضرت ابوالفضل العباسؑ کی عظیم قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا، نوحہ خوانی اور ماتم کیا، جبکہ امن، اتحادِ امت اور پوری انسانیت کی فلاح و بہبود کے لیے خصوصی دعائیں بھی کی گئیں۔









آپ کا تبصرہ