حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، عراق ٹورازم بورڈ کی جانب سے جاری کردہ نئی ہدایات کے تحت اب ایک ہی یوزر اکاؤنٹ سے ایک سے زیادہ زائرین کے ویزوں پر کارروائی کی جا سکے گی، جس سے رجسٹرڈ ٹریول کمپنیوں کے لیے درخواستوں کی پروسیسنگ مزید آسان ہو جائے گی۔
نئی ہدایات کے مطابق ای ویزا سسٹم میں پہلے اور آخری نام (First Name/Last Name) کی لازمی شرط بھی ختم کر دی گئی ہے۔ اب پاسپورٹ نمبر، قومیت اور دیگر مطلوبہ معلومات کی بنیاد پر درخواست جمع کرائی جا سکے گی، جس سے نام کی غلطیوں کے باعث پیش آنے والی مشکلات میں نمایاں کمی آنے کی توقع ہے۔
عراق ٹورازم بورڈ نے پاکستانی اور افغان زائرین کے لیے عمر سے متعلق پالیسی میں بھی نرمی کی ہے۔ نئی ہدایات کے مطابق 50 سال سے کم عمر مرد اگر اپنے اہل خانہ کے ساتھ سفر کر رہے ہوں تو انہیں اجازت ہوگی جبکہ خواتین کے لیے عمر کی کم از کم حد 30 سال مقرر کی گئی ہے۔
اس اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ 20 زائرین کے ہر گروپ کے ساتھ ایک ڈرائیور اور ایک معاون (ہیلپر) کو بھی داخلے کی اجازت دی جائے گی تاکہ سفر کے دوران زائرین کو مزید سہولت میسر آ سکے۔
اسی طرح عراقی امیگریشن، پاسپورٹ اور سرحدی حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ رجسٹرڈ ٹریول کمپنیوں اور زائرین کے ساتھ مکمل تعاون کریں اور اگر ویزا منظوری میں کوئی معمولی غلطی ہو تو اسے مقررہ ضابطے کے مطابق درست کرنے کی سہولت بھی فراہم کی جائے۔
جاری کردہ ہدایات کے مطابق یہ اقدامات اربعین زائرین کے لیے ایک خوش آئند پیش رفت ہیں، جن سے ویزا کے عمل اور سفری انتظامات پہلے سے زیادہ آسان اور مؤثر ہونے کی توقع ہے۔
واضح رہے کہ یہ عراق ٹورازم بورڈ کی جانب سے جاری کردہ انتظامی ہدایات ہیں جبکہ دیگر سرکاری سفری شرائط اور ضوابط بدستور نافذ العمل رہیں گے۔









آپ کا تبصرہ