جمعرات 2 جولائی 2026 - 11:05
رہبرِ شہید کی تشییع کے موقع پر قم المقدسہ میں 50 لاکھ زائرین کی آمد متوقع

حوزہ/ قم المقدسہ میں رہبرِ شہید کی تشییع کے موقع پر تقریباً 50 لاکھ زائرین کی آمد متوقع ہے۔ اس موقع پر موکبوں، مساجد، مدارس اور عوام سے زائرین کی میزبانی اور بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بھرپور تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔

حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، صوبہ قم میں تبلیغات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل حجت الاسلام والمسلمین شعبان زادہ نے رہبرِ شہید کی تشییع کے انتظامات کے سلسلے میں موکب منتظمین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے 20 صوبوں سے تقریباً 50 لاکھ زائرین قم پہنچنے کی توقع ہے، جبکہ قم کے قریب 10 لاکھ شہری بھی اس تاریخی تقریب میں شریک ہوں گے۔

انہوں نے بتایا کہ زائرین کی آمد تشییع سے ایک رات پہلے ہی شروع ہو جائے گی۔ نمازِ فجر بلوار پیامبر اعظم میں تقریباً 6 سے 7 کلومیٹر طویل صفوں کے ساتھ ادا کی جائے گی، جس کے بعد رہبرِ شہید کے جسدِ اطہر کو مسجد جمکران کے صحنِ امام مہدی منتقل کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہر زائر کو تقریباً 20 کلومیٹر پیدل چلنا ہوگا، جبکہ اس دوران درجہ حرارت 45 ڈگری سینٹی گریڈ سے بھی تجاوز کر سکتا ہے۔

شعبان زادہ نے کہا کہ موکبوں کی جانب سے 1 سے ڈیڑھ کروڑ پانی کی بوتلوں کی فراہمی کی اطلاع دی گئی ہے، تاہم تمام موکبوں کو کم از کم ڈیڑھ سے دو دن تک مسلسل خدمت کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ پانی، ہلکی غذا، شربت، تربوز وغیرہ کی فراہمی کو ترجیح دی جائے۔

انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ تشییع کے راستوں پر واقع اپنے گھروں کے دروازے زائرین کے لیے کھولیں تاکہ آرام اور بیت الخلا جیسی بنیادی ضروریات پوری ہو سکیں۔ اسی طرح مساجد، مدارس اور سرکاری اداروں کو بھی خدمت کے مراکز کے طور پر فعال رکھنے کی ہدایت کی گئی۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ قم کے باشندے خود کو مہمان نہیں بلکہ میزبان سمجھیں تاکہ سب کے تعاون سے رہبرِ شہید کی تشییع کا یہ تاریخی اور باوقار اجتماع کامیابی سے منعقد ہو سکے۔

لیبلز

آپ کا تبصرہ

You are replying to: .
captcha