حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، ایران کے صوبہ گلستان میں رہبرِ انقلاب کے نمائندے اور گرگان کے امام جمعہ آیت اللہ سید کاظم نورمفیدی نے گزشتہ روز شہدائے "جنگِ رمضان" کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ قرآن مجید اور اہل بیت علیہم السلام کی سیرت کی روشنی میں شہداء اور ان کے اہل خانہ کی تکریم ایک الٰہی فریضہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ نے راہِ حق میں جان قربان کرنے والوں کو بلند مقام عطا کیا ہے اور ان کے خاندانوں کو بھی خاص فضیلت سے نوازا ہے۔
آیت اللہ نورمفیدی نے شہدائے "جنگِ رمضان" کی قربانیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان عظیم شخصیات نے دینی تعلیمات پر عمل کرتے ہوئے اپنے دور کے فرعونوں اور نمرودوں کے سامنے ڈٹ کر مقابلہ کیا اور اپنے پاک خون سے معاشرے میں معنویت کی شمع روشن کی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کی عظیم قربانیاں اور ان کے اہل خانہ کا صبر و استقامت بے مثال ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کی تاریخ لوٹ مار، اقوام کے استحصال، جنگیں مسلط کرنے اور خونریزی سے بھری ہوئی ہے، لیکن امام خمینیؒ اور ہمارے شہید رہبر نے ہمیشہ ان ظالم طاقتوں کے سامنے ڈٹ کر مزاحمت کی، جبکہ ہمارے شہداء اسی روشن اور پائیدار راستے کے علمبردار ہیں۔
آیت اللہ نورمفیدی نے اپنے خطاب کے اختتام پر آیت اللہ سید علی سیستانی کی جانب سے شہداء کے اہل خانہ کی خصوصی سرپرستی اور توجہ کو سراہتے ہوئے ان تمام خاندانوں کے لیے اللہ تعالیٰ سے اجرِ عظیم اور صبرِ جمیل کی دعا کی۔









آپ کا تبصرہ