حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، اس ورکشاپ میں تدریس کے فرائض ادبیاتِ عرب کے ماہر، ڈاکٹر سید بشیر نقوی نے انجام دیے۔ یہ کلاسیں صبح و ظہر برادران و خواہران کے لیے الگ الگ منعقد ہوئی۔
شرکاء کو ورکشاپ کے دوران ادبیاتِ عرب کی تدریس کے جدید، مؤثر اور آسان اسالیب سے روشناس کرایا گیا جبکہ عملی تطبیق کے ذریعے تدریسی مہارتوں کو مزید بہتر بنانے پر بھی خصوصی توجہ دی گئی۔
ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں مسلسل اور باقاعدگی سے شرکت کرنے والے شرکاء کی حوصلہ افزائی کی گئی اور نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں میں انعامات بھی تقسیم کیے گئے۔

ڈاکٹر سید بشیر نقوی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جامعۃ خدیجۃ الکبریٰ کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا اور ورکشاپ میں اساتذہ و معلمات کی بھرپور دلچسپی اور سنجیدہ شرکت کو سراہا۔ انہوں نے اس نوعیت کے تربیتی پروگراموں کو تدریسی معیار کی بہتری اور جدید تعلیمی اسالیب سے استفادے کے لیے مؤثر ذریعہ قرار دیا۔
جامعۃ خدیجۃ الکبریٰ کے سربراہ حجت الاسلام سید احمد شاہ نے جامعۃ المصطفیٰ العالمیہ کی جانب سے گمبہ سکردو میں پہلی مرتبہ اس نوعیت کے علمی و تربیتی ورکشاپ کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان شاء اللہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا: جامعۃ خدیجۃ الکبریٰ علمی و تربیتی پروگراموں کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے اور اس سلسلے کو مزید وسعت دینے کا خواہاں ہے۔
تقریب کے اختتام پر حجۃ الاسلام سید احمد شاہ اور ڈاکٹر سید بشیر نقوی نے نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شرکاء میں انعامات تقسیم کیے۔

قابل ذکر ہے کہ شرکاء نے اساتذہ کی تدریسی صلاحیتوں کو نکھارنے، انہیں جدید تعلیمی و تدریسی اسالیب سے روشناس کرانے اور ادبیاتِ عرب کی تدریس کو مزید مؤثر بنانے کے لیے اس نوعیت کے ورکشاپس کے انعقاد کو ایک اہم اور قابلِ قدر اقدام قرار دیا اور آئندہ بھی ایسے تربیتی پروگراموں کے تسلسل کی ضرورت پر زور دیا۔












آپ کا تبصرہ