حوزہ نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق، مدرسہ باب العلم مبارکپور ہندوستان میں شہید رہبرِ معظم، ان کے اہل خانہ اور دیگر شہدائے راہ استقامت و مقاومت کی یاد میں مجلس چہلم کا انعقاد ہوا؛ جس میں مدرسے کے اساتذہ اور طلباء نے بھرپور شرکت کی۔

مجلسِ عزاء سے حجت الاسلام مولانا مظاہر حسین پرنسپل مدرسہ باب العلم مبارکپور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہید رہبر معظم حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای نوراللہ مرقدہ کی پوری حیات اسلامی تعلیمات اور اسلامی انقلاب سے عبارت تھی۔ نوجوانی سے لے کر اپنی بابرکت نہایت صاف و سادہ و شفاف زندگی کے آخری لمحات تک وہ قلم و قرطاس، زبان و بیان اور دل و جان سے اسلام کی تعلیمات کی تشریح، اتحاد امت اور اسلامی جمہوری ایران کی قیادت کے لئے کوشاں رہے۔ بلاشبہ انہوں نے اسلامی طرزِ حکمرانی کا ایک انتہائی کامیاب اور سنہرا باب رقم کردیا ہے جو رہتی دنیا تک دنیا کے تمام ارباب مذہب و سیاست کو دعوت فکر و عمل دیتا رہے گا۔ وہ عالم اسلام کے مایہ ناز عظیم ترین مذہبی و سیاسی قائد و رہنما تھے اور دنیائے شیعیت کے عظیم اعلم و مرجع تقلید اور سرمایہ افتخار تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ حضرت رہبر شہید آیۃ اللہ العظمیٰ سید علی حسینی خامنہ ای اعلی اللہ مقامہ کا زہد، ان کا تقویٰ، ان کا علم، ان کی بصیرت، ان کی سیرت، ان کی شجاعت، ان کی استقامت، ان کی مقاومت، ان کی سیاست ایک ایک صفت تارٰیخ کے زریں اوراق کی پر کشش زینت بنی ہوئی ہیں۔ ان کی تشییع جنازہ میں دنیا بھر کے بلا امتیاز قوم و مذہب کروڑوں کی تعداد میں لوگوں کی شرکت نے نہ صرف یہ ثابت کیا کہ یہ تاریخ انسانیت کا دنیا میں سب سے بڑا جنازہ تھا، بلکہ امریکہ و اسرائیل کے مشترکہ دہشت گردانہ حملوں میں شہید ہونے والا یہ مرد مجاہد اس صدی کا سب سے بڑا خدا ترس انسان تھا۔ خدا کا یہ کرم دیکھئے کہ دنیا کے سپر پاور بننے والے امریکہ و اسرائیل جس کو ایران سے مٹانا چاہتے تھے وہ شہید ہوکر تمام عرب و عجم اور پوری دنیا پر چھایا ہوا ہے۔ افسوس اس بات کا ہے کہ آپ کی شہادت سے دیوار اسلام اور دنیائے انسانیت میں ایسا خلا پیدا ہو گیا ہے جس کا پر ہونا محال ہے۔

مولانا مظاہر حسین نے شہید رہبر معظم اور دیگر شہدائے حق کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے موجودہ رہبر معظم آیۃ اللہ سید مجتبیٰ حسینی خامنہ ای دام ظلہ العالی اور ایرانی عوام اور حکومت کی خدمت میں تعزیت و تسلیت پیش کی اور رہبر معظم آیۃ اللہ مجتبیٰ حسینی خامنہ ای مدظلہ العالی کی صحت و سلامتی اور اسلامی جمہوری ایران کی مکمل فتح اور امام زمانہ عجل اللہ تعالیٰ فرجہ الشریف کے ظہور پرنور کے لئے دعائیں کیں۔

پروگرام کا آغاز حجت الاسلام مولانا کرار حسین اظہری استاد مدرسہ باب العلم مبارکپور نے تلاوتِ کلامِ پاک سے کیا۔









آپ کا تبصرہ